بلدیہ وسطی نامساعد حالات میں عید الاضحی آپریشن پر ساڑھے تین کروڑ خرچ کرے گی، ریحان ہاشمی

بلدیہ وسطی میں تقریبا ساڑھے سات لاکھ جانور قربان کئے جائیں گے ، پریس کانفرنس میں بریفنگ

پیر 20 اگست 2018 21:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اُٹھانے کے لئے 21اگست سے 25 اگست تک جاری رہنے والے پانچ روزہ آپریشن کے دوران ساڑھے تین کروڑ روپے کے لگ بھگ خرچ آئے گا۔ اگرچہ مالی وسائل کم ہیں تاہم کوشش کی جائے گی کہ اخراجات مختص حدود سے بڑھنے نہ پائیں ۔

وہ عیدِ قربان کے انتظامات کے سلسلے میں بلائی گئی خصوصی کانفرنس میں وائس چیئرمین (بلدیہ وسطی )سید شاکر علی ، قائم مقام ڈپٹی کمشنر (ضلع وسطی ) ذوالفقار علی خشک کے ہمراہ صحافیوں کو بریفنگ دے رہے تھے۔انہوں نے سندھ کے نئے وزیرِ بلدیات سعید غنی سے توقعات وابستہ کرتے ہوئے کہا کہ نئے وزیرِ بلدیات کراچی کے بلدیاتی اداروں کے مسائل حل کرنے میں اپنا مثبت کردار اداکریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پراسٹینڈنگ کمیٹی(ورکس) کے چیئرمین عارف شاہ،چیئرمین چارجڈ پارکنگ کمیٹی سہیل احمد، رکن کونسل منظور الہی اور مقصود احمد بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی دوسرے اضلاع کے لئے ایک واسطہ کا کام دیتا ہے کیونکہ جام چاکرو لینڈ فِل جانے کے لئے تمام اضلاع کی گاڑیوںکو ضلع وسطی سے ہوکر گزرنا پڑتاہے۔ اُن گاڑیوں سے گرنے والی آلئشیں اور اوجڑیاں بھی بلدیہ وسطی کے عملے کو اُٹھانی پڑتی ہیں جس کے سبب ہمارے سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ کا کام پچیس فیصد بڑھ جاتاہے۔

تاہم بلدیہ وسطی کے عملے نے کبھی اس کی شکایت نہیں کہ تاہم دیگر اضلاع کے ڈمپرز اور آلائش لے جانے والی دیگر گاڑیوں کے ساتھ عملے کو چاہئے کہ وہ گاڑیوں کی گنجائش کے مطابق اس طرح آلائش بھریں کہ وہ راستے میں نہ گرنے پائیں ۔ پریس کانفرنس میں ڈی سی سینٹرل ذوالفقار علی خشک ، اور ․بھی موجود تھے۔ ریحان ہاشمی نے بتایا کہ بلدیہ وسطی کی اپنی گاڑیوں کے علاوہ ہریوسی کو آبادی کے تناسب سے نجی شعبہ سے حاصل کی گئی آٹھ سے پندرہ سوزوکیاں مہیا کی جائیں گی جن میں ڈرائیور سمیت تین افراد موجود ہونگے بلدیہ وسطی عیدالاضحی کے دنوں میں تقریبا 1000 سوزوکیاں ،لوڈر 31 اور ڈمپر 128 ہائر کئے جائیگے ۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تعاون سے قربانی کے تمام دنوں میںجراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جائے گا ، جبکہ چونے کے چھڑکائو کا انتظام بھی کیا گیا ہے تاکہ آلائشوں کے تعفن کو کم سے کم کیا جاسکے۔ بارش کے امکان کے تحت پیش بندی کیلئے بلدیہ وسطی کے دو مقامات پر قربانی کے جانوروںکی آلائشیں دبانے کے لئے خندق کھودی گئی ہیں کیونکہ وسائل کی کمی تمام آلائشوں کو فوری طور پر جام چاکرو جیسے دُور افتادہ مقام پر پہنچانے میں مانع ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ بلدیہ وسطی میں تقریبا ساڑھے سات لاکھ جانور قربان کئے جانے کا امکان ہے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر (ضلع وسطی کراچی )ذوالفقار علی خشک نے کہا کہ ڈی سی آفس اور ڈی ایم سی آفس عوام کی فلاح کے کاموں میں ایک پیج پر ہیں اور باہمی تعاون سے تمام معاملات نمٹالئے جائیں گے۔ انہوں نے عیدا لاضحی کے انتظامات میں ڈی سی آفس کی جانب سے بلدیہ وسطی کو ہر قسم کا ممکنہ تعاون مہیاکرنے کا یقین دلایا۔ واضح رہے کہ بلدیہ وسطی میں عید الاضحی ایمرجنسی نافذ کرکے سینی ٹیشن ڈپارٹمنٹ ، بی اینڈ آر اور ایم اینڈ ای کے افسران اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں