کے ڈی اے اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف بھرپور قوت سے آپریشن جاری

منگل 21 اگست 2018 16:50

کے ڈی اے اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف بھرپور قوت سے آپریشن جاری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2018ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی کی خصوصی ہدایت پر شہر بھر میں کے ڈی اے اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف بھرپور قوت سے آپریشن جاری ہے۔ ڈی جی کے ڈی اے اور ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی افتخار قائم خانی کی ہدایت پر اینٹی انکروچمنٹ کے عملے نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے مہران ٹائون کورنگی سیکٹر 6/E، 6/F میں ناجائز تعمیرات کو پولیس اور مقامی انتظامیہ کی نگرانی میں بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کردیا جبکہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گلستان جوہر کامران چورنگی کے اطراف غیر قانونی مویشی منڈی کے خلاف ڈپٹی کمشنر ایسٹ احمد علی صدیقی کی نگرانی میں آپریشن کیا گیا آپریشن کے دوران اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کے عملے کو سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ نے مقامی پولیس تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ ورئیل انڈھڑ اور ڈائریکٹر ڈیمالیشن ایس بی سی اے ساجد احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کی روشنی میں تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن جاری ہے، ڈی جی کے ڈی اے کی خصوصی ہدایت پر تجاوزات کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ ڈی جی کے ڈی اے سمیع الدین صدیقی آپریشن کی مانیٹرنگ کررہے ہیں اور سو فیصد نتائج حاصل کرنے کے لئے وقتاً فوقتاً ہدایت جاری کررہے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں