وزیراعظم کاخطاب عوامی امنگوں کا آئینہ دارتھا،مفتی غلام حسین سیفی

منگل 21 اگست 2018 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) معروف مذہبی ،روحانی اسکالراورسماجی شخصیت پروفیسرمفتی غلام حسین سیفی نے وزیراعظم عمران خان کے قوم سے پہلے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ پہلی بار محسوس ہواکہ کوئی وزیراعظم نہیں، کوئی ایلیٹ کلاس کا فردنہیں بلکہ ایک عام آدمی،ایک کمزور،غریب ،پسے ہوئے طبقات اور عام پاکستانی پاکستان کے مسائل پر بات کررہاہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان نے بعض ایسے مسائل پر بھی بات کی جن کی طرف آج تک کسی کی توجہ نہیں گئی،مثلاً اندرون وبیرون ملک بے قصورقیدیوں کی رہائی،سوادوکروڑ بچوں کو اسکول پہنچانا،قوم کو رحم دل بننے کی ترغیب دینا،مدارس کے طلباء کو آگے بڑھانا، کراچی کے مسائل پر توجہ دینا،ملک کو صاف ستھراکرنا، اپنے وسائل سے ملک کو چلانا سمیت بیشترباتوں نے قوم کے دل موہ لئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی تقریر نہ صرف ایک جامع گفتگوتھی بلکہ مسائل کے ساتھ ساتھ ان کے حل کی منصوبہ بندی بھی تھی جوکہ انتہائی قابل قدربات ہے۔ان کا کہناہے کہ عمران خان قدم آگے بڑھائیں قوم ان کو مایوس نہیں کرے گی۔دوسری جانب انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہاکہ ان کے خطاب میں ایک کمی تھی اگر وہ ہالینڈکوکوئی وارننگ دیتے یااس کے سفیر کوملک بدرکرنے کااعلان کرتے تو ان کی تقریر میں چارچاندلگ جاتے،کیونکہ عالمی سطح پر ناموس رسالت کے خلاف سازشوں کا مقابلہ بھی امت مسلمہ کا بنیادی فریضہ ہے۔

مفتی غلام حسین سیفی کا مزیدکہناتھاکہ ن لیگی رہنمااحسن اقبال نے وزیراعظم کے خطاب کی پذیرائی کو سبوتاژکرنے کے لئے جو پریس کانفرنس کی وہ اپنی خفت مٹانے اور نااہلی پر پردہ ڈالنے کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں