عید قربان امن وسلامتی اور بھلائی کے کاموں میں حصہ لینے اور اُمت مسلمہ کے اتحاد کا پیغام دیتی ہے، محمد ثروت اعجاز قادری

منگل 21 اگست 2018 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2018ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری عید الاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے پیغام میں کہا ہے کہ عید قربان امن وسلامتی اور بھلائی کے کاموں میں حصہ لینے اور اُمت مسلمہ کے اتحاد کا پیغام دیتی ہے،عید الاضحی اتحاد ویکجہتی کو فروغ اوردین اسلام پر سب کچھ قربان کرنے کادرس دیتی ہے ،حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے اپنے لخت جگر اسمعیل علیہ السلام کو قربانی کیلئے پیش کردیا یہاں تک کہ باطل کے سامنے جھکنے کی بجائے آگ میں جانے کو ترجیع دی،عید قرباں کا مقصد صرف جانور کی قربانی کرنا نہیں بلکہ قربانی کا اصل مقصد ہم ہر سال اپنے اعمال کا جائزہ لیں اور اپنی ذات سے وہ خرابیاں ختم کریں جس سے کسی دوسرے کو تکلیف پہنچتی ہو ،عیدالاضحی تجدید عہد کا یوم ہے آئو آج ہم سب مل کر اللہ رب العزت کی بارگاہ میں عہد کریں دین اسلام کی سربلندی اور ملکی کی سلامتی کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگے یہاں تک کہ باطل کے سامنے کلمہ حق کہتے ہوئے ہر قسم کی صعوبتیں اور تکالیف کا سامنا کرینگے ،عید قربان کے موقع پر ملک کی سلامتی اور دہشتگردی کی راہ میں شہید ہونیوالوں کو کسی صورت نہیں بھولنا چاہیے ،ملکی سلامتی کی راہ میں شہید ہونیوالوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پر عمل پیر ا ہوتے ہوئے اپنے قیام سے ابتک قربانیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ،ہماری دو اعلیٰ قیادتوں بانی و قائد شہید محمد سلیم قادری ،سربراہ سنی تحریک شہید محمد عباس قادری کو اسلام کی سربلندی اور دہشتگردوں کے مکروہ چہروں کو بے نقاب کرنے کی پاداش میں شہید کیا گیا ،شہادتوں سے خوفزدہ ہوئے بغیر اہلسنت خدمت فائونڈیشن کے تحت -خدمت سب کے لئے سلوگن کے ساتھ انسانیت کی خدمت کررہے ہیں ،کارکنان اللہ کی رضاکیلئے بلا امتیاز عوام کی فلاح وبہبود اور مفت تعلیم کو یقینی بنائیں،ثروت اعجاز قادری کے کہنا تھا کہ عید قربان میں غریبوں کو خوشیوں میں ضرور شامل کریں اور قربانی کے گوشت کی غریبوں تک فراہمی کو یقینی بنایا جائے ،عید الاضحی کے نماز کے اجتماع میں پاکستان کی سلامتی وخوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دائیں کی جائیں ۔

# ؁

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں