پاکستان سنی تحریک کا محرم الحرام کوملک گیر ’’ ماہِ امن‘‘ کے طورپر منانے کا اعلان

سیدناحضرت امام حسینؓ کے یوم شہادت کو ’’یوم پیغام حسین‘‘ کے طورپر منایاجائے گا ،ثروت اعجاز قادری

جمعہ 14 ستمبر 2018 23:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2018ء) پاکستان سنی تحریک نے ماہِ محرم الحرام کوملک گیر ’’ ماہِ امن‘‘ کے طورپر منانے کا اعلان کردیا،سیدناحضرت امام حسین کے یوم شہادت کو ’’یوم پیغام حسین‘‘ کے طورپر منایاجائے گا ۔سیدناحضرت عمرفاروق ؓ اورسیدنا،حضرت امام حسین ؓکو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ملک بھر کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں ریلیاں ، سیمینارز اورکانفرنسیں منعقدکی جائیں گی۔

پاکستان سُنی تحریک کی مرکزی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاکستان سُنی تحریک محمدثروت اعجازقادری نے کہاکہ امن دشمن قوتوں کو شکست دینے کیلئے ملک میں مکمل مذہبی ہم آہنگی پیدا کرنا ہو گی۔ملک سے فرقہ وارانہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے ’’پیغام امن‘‘ کانفرنسیں اورریلیاں منعقدکریں گے۔

(جاری ہے)

علماء و مشائخ محرم کے دوران قیامِ امن کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

منبر و محراب سے قوم کو امن و یکجہتی کا پیغام دیا جائے۔ملک بھر کے تمام مذہبی رہنما مسلکی اختلافات کو تصادم میں بدلنے کی عالمی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ثروت اعجازقادری نے کہا کہ محرم الحرام امن ،محبت ،صبر وبرداشت کا درس دیتا ہے ،انتہاپسندی کو فروغ دینے والے اسلام وپاکستان دشمن عناصر کے ایجنٹ ہیں ،شہادت سیدنا امام حسین ظالم کے سامنے ڈٹ جانے اور مظلوموں کو حقوق دلانے کا پیغام دیتی ہے ،معرکہ کربلا نے حق کا پرچم بلند کیا اور باطل کو رہتی دنیا تک عبرت کا نشان بنادیا ،سیدنا امام حسین باطل کے سامنے ڈٹ گئے سرکٹا دیا مگر باطل کے سامنے جھکے نہیں ،آپ نے کربلا کے میدان میں جام شہادت نوش فرماکر واضع پیغام دے دیا دین اسلام میں بگاڑ پیدا کرنیوالے ظالم وجابر کے سامنے ڈٹ جانا ہی حسینیت ہے ،حکومت محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے ۔

سُنی تحریک کے کارکنان ملک میں قیام امن کیلئے حکومت اورانتظامیہ کا مکمل ساتھ دیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں