محکمہ صحت میں ریفارم سپورٹ یونٹ کا قیام عمل میں لایا جائے۔ ڈاکٹر عذرا پیچوہو

ری اسٹرکچرنگ کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ صوبائی وزیر صحت کی زیر صدارت اجلاس

منگل 18 ستمبر 2018 18:47

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر صحت و پاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ محکمہ صحت میں معاملات، سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور تربیت کے اعلیٰ مواقع مہیا کرنے کیلئے یہ مناسب وقت ہے کہ محکمہ میں ری اسٹرکچرنگ کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری صحت ڈاکٹر عثمان چاچڑ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر مبین احمد، یو ایس ایڈ کنسلٹنٹ ڈاکٹر شبیر علی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ صحت، پرائمری ہیلتھ کئیر سیکنڈری، بڑے ہسپتالوں، ڈیولپمنٹ پارٹنرز، سول سوسائٹی کے اراکین، ماہرین تعلیم اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے کردار پر تفصیل سے بحث کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری صحت ڈاکٹر عثمان چاچڑ نے استعداد کار میں اضافے پر زور دیتے ہوئے تجویز دی کہ محکمہ صحت میں ریفارم سپورٹ یونٹ کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ تمام معاملات میں بہتری آسکے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے مزید کہا کہ ہماری سیاسی قیادت صوبے کے لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے رواں مالی سال کے بجٹ میں ایک خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا اور تجویز دی کہ محکمہ صحت میں ری اسٹرکچرنگ کے عمل کو تیز کرنے کیلئے ٹاسک فورس کا قیام بہت ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ ہر سطح پر صحت کی سہولیات کی فراہمی کو بہتر کیا جا رہا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں