بلدیہ وسطی کے اسکولوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کریں گے ، ریحان ہاشمی

منگل 18 ستمبر 2018 19:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) بلدیہ وسطی کے زیرِ انتظام چلنے والے اسکولوں کو واٹر کولرز اور برقی پنکھے فراہم کر دئیے گئے۔ پنکھے اور واٹر کولرز بلدیہ وسطی کی منتخب خواتین اراکین کونسل نے اسکولوں کی انتظامیہ کے حوالے کیئے ۔چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے بلدیہ وسطی کے زیرانتظام چلنے والے اسکولوں کے طلبا و طالبات اور اساتذہ کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکول ہمارے مستقبل کی قیادت اور معمارانِ وطن کی تعمیر کرتے ہیں ضروری ہے کہ اسکولوں میں تما م تر ضروری سہولیات میسر ہوں۔

بلدیہ وسطی کے کچھ اسکولوں کی جانب سے ٹھنڈے پانی کی فراہمی اور کلاسوں میں برقی پنکھوں کی تنصیب کا دیرینہ مطالبہ پوراکردیا گیا ہے تاہم اس کے علاوہ بھی جو ضروری اشیاء ہیں اسکولوں کو مہیاکرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خواتین اراکین کونسل حنا جمیل، انیسہ شفیع،رضیہ عابد ،رعنا مظہر ،حبیبہ سلطانہ ،رخسانہ نسرین،شکیلہ فاطمہ ،حمیرا جاوید،ثمینہ حمید،لبنیٰ حلیم ،طاہرہ اختر اور فرحت جہاں بلدیہ وسطی کی جانب مختلف اسکولوں کی انتظامیہ کو واٹر کولرز اور برقی پنکھے فراہم کیئے ۔

واضح رہے کہ مذکورہ اسکولوں میں ٹھنڈے پانی اور برقی پنکھوںکی عدم موجودگی طلبا و طالبات کے لئے پریشانی کا سبب تھی۔ جس کی بنا پر اساتذہ کو پڑھانے میں اور طلبا کو پڑھنے میں دُشواری کا سامنا تھا۔ تاہم اب ٹھنڈے پانی اور پنکھوں کا مسئلہ حل ہوگیا ہے ۔ جبکہ ریحان ہاشمی اسکولوں کی عمارتوں کی مرمت اور اسکولوں میں موجود کھیل کے میدانوں کی بہتری کی جانب بھی توجہ دے رہے ہیں جو نہ صرف اسکولوں کے ماحول میں بہتری لانے بلکہ ہم نصابی سرگرمیوںکے انعقاد میں بھی معاون ثابت ہونگے۔

جن اسکولوںمیں پانی کے ٹینک نہیں ہیں وہاں ٹینک تعمیر کئے جائیں گے جبکہ تمام اسکولوں کے واش رومز کی درستگی اور مرمت کی جائے گئی ۔ یادرہے کہ اس سے قبل بھی بلدیہ وسطی کی جانب سے کئی اسکولوں کو فرنیچر بھی فراہم کیا جاچکاہے۔ امیدکی جاسکتی ہے کہ بلدیہ وسطی کی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے مثبت انتظامات اسکولوںمیں تعلیم اور ہم نصابی سرگرمیوں کا معیار بہتر کرنے میں معاون ہونگے۔ بلدیہ وسطی کی جانب سے گاہے بہ گاہے اراکینِ کونسل کی ٹیم اسکولوں کا دورہ کرتی رہتی ہے تاکہ اسکولوں میں اساتذہ اور طلبا و طالبات کی حاضری کوبھی یقینی بنایا جاسکے اور معیارِ تعلیم کی بہتری کی جانب بھی توجہ رہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں