پاک بحریہ اورمیری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کا مشترکہ آپریشن ، شمالی بحیرہ عرب میں منشیات کی بھاری مقدار کو قبضے میں لے لیا

بدھ 19 ستمبر 2018 19:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے سمندر میں انسدادِ منشیات کا مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے شمالی بحیرہ عرب میں ایک کشتی سے تقریباً تین ٹن حشیش پکڑی جس کی مالیت کئی ملین ڈالرز ہے۔ انٹلیجنس کی بنیاد پرکئے گئے اس آپریشن میں اینٹی نارکاٹکس فورس نے بھی حصہ لیا۔سمندرمیں انسداد منشیات ہمیشہ سے ہی پُر خطر اور پیچیدہ عمل رہا ہے کیونکہ سمندر کی بے پناہ وسعت غیر معمولی نگرانی کا تقاضا کرتی ہے۔

یہ میری ٹائم آپریشن محتاط منصوبہ بندی ،ہر جاہ نگرانی اور سمندر میں موجود بے شمار جہازوں کے اندازِ سفر کے تجزیے کا نتیجہ تھا۔پکڑی گئی منشیات تلف کرنے کے لئے اینٹی نارکاٹکس فورس کے حوالے کر دی گئی۔

(جاری ہے)

اس پیچیدہ آپریشن کی کامیاب تکمیل قومی میری ٹائم فورسز کے اعلیٰ اشتراک ،رابطہ سازی اور تعاون کی بہترین مثال ہے۔ یہ آپریشن قوم کیلئے اس امر کی یقین دہانی بھی ہے کہ سمندروں کو کسی بھی غیر قانونی مقصد کے استعمال سے تحفظ فراہم کرنے اور آزادانہ قانونی تجارت کو ممکن بنانے کیلئے پاک بحریہ اور رپاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی ہمہ وقت تیار، چوکس اور پر عزم ہیں ۔

قومی ذمہ داری نبھانے اور شمالی بحیرہ عرب میں قانون کی عملداری کے قیام کا فرض نبھانے کے مشن کے ضمن میں پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے مابین تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں