اے ون سینٹر ریذیڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے انتخابات 23ستمبر کو ہونگے

بدھ 19 ستمبر 2018 20:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) پیر الہٰی بخش کالونی میں یونیورسٹی روڈ پر واقع رہائشی اسکیم اے ون سینٹر کی فلاحی تنظیم ’’ اے ون سینٹر ریذیڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن‘‘ کے 2009ء کے بعد پہلی مرتبہ انتخابات ہونے جارہے ہیں جس میں پانچ عہدیداروں کے ساتھ پندرہ اراکین منیجنگ کمیٹی کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا، اے ون سینٹر میں انتخابی جمہوریت کی بحالی سے مکین بہت خوش ہیں اور پولنگ ڈے پر ووٹنگ کے عمل میں بھرپور حصہ لینے کی خواہش کا اظہار کررہے ہیں، انتخابات کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار اے ون سینٹر ویلفیئر ایسوسی ایشن کی الیکشن کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ نائلہ تبسم ایڈووکیٹ ہائیکورٹ نے اپنے جاری کردی ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اے ون سینٹر میں 2009 سے اگست 2018ء تک یونین کے انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے فلاحی معاملات بُری طرح متاثر ہورہے تھے یہی وجہ ہے کہ ہماری رجسٹریشن اتھارٹی بھی اس عمل سے ناخوش ہوکر اے ون سینٹر ویلفیئر ایسوسی ایشن کی سماجی حیثیت کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتی تھی لیکن سلام ہے اے ون سینٹر کے مکینوں کو جنہوں نے ایک جنرل باڈی اجلاس طلب کرکے ہنگامی فیصلے کئے اور اپنی رجسٹریشن اتھارٹی کو اے ون سینٹر کی فلاحی حیثیت ختم کرنے سے روکنے پر قائل کرلیا۔

محترمہ نائلہ تبسم ایڈووکیٹ نے کہا کہ جمہوریت کی یہ خوبی ہے کہ اگر اجتماعی مفاد اور فلاح و بہبود کا کوئی کام کرنا ہوتو انتخاب کے ذریعے لوگوں کو ذمہ داری تفویض کی جائے تاکہ منتخب ہونے والے نمائندے کے ذہن میں یہ بات ہو کہ اگر اس نے عوام کی خدمت نہ کی تو آئندہ اِس سے یہ کرسی چھینی بھی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے ہم چاہتے کہ اے ون سینٹر میں جمہوریت کی بحالی اور انتخابات کے روز (23 ستمبر 2018ء بروز اتوار صبح 09.00بجے سے شام 05.00 تک ) میڈیا بھی بھرپور کوریج دے تاکہ اگر دیگر رہائشی اسکیموں میں بھی انتخابی جمہوریت کا عمل تعطل کا شکار ہے تو انہیں بھی اس جمہوری تسلسل کے اجراء کیلئے رہنمائی مل سکے ۔

آخر میں اے ون سینٹر ریذیڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کی الیکشن کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ نائلہ تبسم ایڈووکیٹ ہائیکورٹ نے انتخابات کے انعقاد میں بھرپور مدد و معاونت اور رہنمائی کرنے پر سماجی تنظیم سول سوسائٹی ایسوسی ایشن آف پاکستان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں