بنگالیوں کو کراچی میں بد امنی کا ذمہ دار قرار دینا ناقابل فہم ہے،پاکستان مسلم لیگ شیر بنگال

پاکستان مسلم لیگ شیر بنگال کی مرکزی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں ڈاکٹر علائو الدین ، مامون الرشید ایڈووکیٹ و دیگر رہنمائوں کا اظہار خیال

جمعرات 20 ستمبر 2018 16:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے بنگلہ زبان بولنے والے افراد کے لئے شناختی کارڈ زکے اجراء سے متعلق اعلان خوش آئند ہے۔یہ عنایت نہیں بلکہ بنگلہ نژادوں کابنیادی حق ہے جو عرصہ سے سلب کیا جاتا رہا ہے۔ بنگالیوں کو کراچی میں بد امنی کا ذمہ دار قرار دیاجانا ناقابل مہم ہے۔ اسٹریٹ کرائمز اور لوٹ مار کے واقعات میں مخصوص زبان بولنے والے نہیں بلکہ ہر طبقہ کے چند گھٹیا افراد ملوث ہیں۔

تارکین وطن غیر ملکی اور سقوط مشرقی پاکستان سے قبل ملک میں مقیم بانیان پاکستان کی محب وطن اولادوں میں فرق کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ شیر بنگال PML(SB)کی مرکزی کمیٹی کے اراکین ،عہدیداران اورعلاقائی ذمہ داران کے ہنگامی اجلاس کے بعد جاری کئے گئے اعلامیہ میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں رہنمائوں ڈاکٹر علائو الدین ،مامون الرشید ایڈووکیٹ ،مظفر احمد و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اراکین مرکزی کمیٹی نے کہا کہ جن بنگلہ نژاد پاکستانی شہریوں کو یہاں کی قومیت کے تمام تر دستاویزی ثبوت پیش کر دینے کے باوجود شناختی کارڈ جاری نہیں کئے جارہے یہ صرف زبان کی بنیاد پر تعصبی عمل ہے جس کے نتیجے میں ملک دولخت ہوا تھا، یہ رویہ ایک طویل عرصہ سے ہمارے ساتھ روا رکھا جا رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے ۔

مسلم لیگ شیر بنگال کے رہنمائوں نے کہا کہPML-SBشہر کراچی میں رہائش پذیر30لاکھ بنگلہ نژادوں کی نمائندگی کرنے والی جماعت ہے ۔ہمیں غیر ملکی تارکین وطن سے کوئی ہمدردی نہیں ان کے خلاف پاکستانی قوانین کے مطابق بھرپور کاروائی کرکے سزائیں دی جانی چاہئیں لیکن تارکین وطن کی آڑمیں ہر چند سال بعد منصوبہ بندی کے ذریعے بنگلہ نژادوں کو ہراساں کئے جانے کا عمل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ کراچی میںامن کے خواہاں حکمرانوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ صرف بنگالی یا افغانی ہی بد امنی کے ذمہ دار نہیں بلکہ وائٹ کالکر کرمنلز بھی سیاست کا لبادہ اوڑھ کر اس سلسلہ میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جنہیں بے نقاب کرنا ضروری ہے۔ PML(SB)رہنمائوں نے یقین دلایا کہ کراچی میں امن کے قیام کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مسلم لیگ شیر بنگال ہر سطح پر معاونت کے لئے ہمہ وقت تیار ہے کیونکہ کراچی ملک کا معاشی حب اور منی پاکستانی یہاں امن سے نہ صرف یہاں کے باشندوں کی ترقی بلکہ ملکی بقاء ، ترقی اور استحکام وابستہ ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں