واقعہء کربلا سے اسلام کی خاطر جینے اور مرنے کا درس ملتا ہے،علامہ خلیل نورانی

ظالم کی مخالفت اور مظلوم کی حمایت کرنا ہی پیغام حسین ؓہے، جامع مسجد غوثیہ رحیم آباد میںپیغام حسینؓ کانفرنس سے خطاب

جمعرات 20 ستمبر 2018 18:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) جمعیت علمائے پاکستان ضلع کورنگی کے صدر علامہ خلیل احمدنورانی نے کہاہے کہ واقعہء کربلا سے اسلام کی خاطر جینے اور مرنے کا درس ملتا ہے، اسلام دشمن طاقتیں جذبہء شبیری کا مقابلہ نہیں کر سکتیں،عاشقان مصطفیٰ حسینی جذبوں سے سرشار ہو کر ہر باطل قوت کے سامنے سینہ سپر ہو جائیں۔یہ باتیں انہوں نے جامع مسجد غوثیہ رحیم آباد میںپیغام حسینؓ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

انہوں نے کہاکہ آج بھی حسینیت سرخروئی اور یزیدیت رسوائی کی علامت ہے، ظالم کی مخالفت اور مظلوم کی حمایت کرنا ہی پیغام حسین ہے، امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ جنتی نوجوانوں کے سردار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیدنا امام حسین ؓ نے اسلام کی بقاء وسربلندی کے لئے قربانی دی اور شہدائے کربلا نے اپنے خون سے شجر اسلام کی آبیاری کرکے دنیاکوبتادیاکہ جب بھی اسلام پر آنچ آئے تو جان کی پرواہ کئے بغیر حق کا ساتھ دیناضروری ہے۔

(جاری ہے)

اہلبیت اطہارنے ہردورمیں اسلام کی سربلندی کا فریضہ انجام دیا،عظمت اہل بیت کے ترانے تاقیامت گونجتے رہیں گے۔علامہ خلیل احمدنورانی نے کہاکہ حسینیت کے پیغام پر عمل کر کے دنیا امن سے آشنا ہو سکتی ہے۔ ایمان کامل کے لئے خاندان نبوت سے وفاداری ناگزیر ہے، آج کے اس پرفتن دور میں کردار حسین کو سمجھنے اور پیغام حسین کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ حضرت امام حسین ؓ اور خلفاء راشدین کی حقیقی تعلیمات کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں