کراچی ،بازی گر نے تیل کے ڈرم کو آگ کے گولے پر پھینک دیا ،تعزیہ دیکھنے آنے والی بچی جاں بحق ،

2افراد زخمی پولیس اہلکاروں نے کرتب دکھانے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا ، جھلسنے والے بچوں اور ان کے نانا کو سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کردیا گیا

ہفتہ 22 ستمبر 2018 17:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) کھارادر میں تعزیے کے ہمراہ آگ کے کرتب دکھانے والے بازی گر نے تیل کے ڈرم کو آگ کے گولے پر پھینک دیا ۔ نانا کے ہمراہ تعزیے دیکھنے کے لیے آنے والی معصوم بچی ہلاک اور ان کے نانا اور کزن جھلس کر زخمی ہو گئے ۔ اطلاعات کے مطابق بغدادی کے علاقے کھارادر اور حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس پہنچ کر اختتام پزیر ہوا تو لیاری اور قریبی علاقوں سے تعزیے کے جلوس نکلنے شروع ہوئے ۔

لی مارکیٹ کی طرف سے نکلنے والے تعزیے کے ہمراہ ڈھول بجاتے ہوئے شرکاء ٹاور کی جانب جا رہے تھے کہ ان دوران 7 سالہ عائشہ سمیرا اپنے والد سمیر میمن ، اپنے نانا اور خالہ زاد بھائی بلال جہانگیر کے ہمراہ تعزیے دیکھ رہی تھی ۔

(جاری ہے)

اس دوران تعزیے کے ہمراہ آگ کا کرتب دکھانے والے نے مٹی کا تیل منہ میں بھر کر آگ پر پھونک رہا تھا ۔ اس دوران آگ کا شعلہ قریب رکھے مٹی کے تیل کے ڈرم پر گرا ۔

کرتب دکھانے والے نے اپنی جان بچانے کے لیے مٹی کے تیل کا کین قریب کھڑے ہجوم پر پھینک دیا ۔ تعزیے دیکھنے والے ہجوم میں مٹی کا تیل معصوم بچوں پر گرا ، جس کے نتیجے میں 7 سالہ معصوم عائشہ ا، ان کا خالہ زاد بھائی بلال ، جہانگیر مامون حسن اور نانا رفیق جھلس کر شدید زخمی ہو گئے ۔ موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے کرتب دکھانے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا ، جھلسنے والے بچوں اور ان کے نانا کو سول اسپتال برنس وارڈ میں پہنچایا ۔ جہاں 7 سالہ معصوم بچی عائشہ سمیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی جبکہ اس کے نانا رفیق کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے ۔ بچی کے ماموں حسن اور کزن بلال کے بھی ہاتھ پاؤں جھلس گئے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں