محرم کی طرح پورے سال سیکیورٹی اقدامات پر توجہ کی ضرورت ہے،مفتی محمدنعیم

مخصوص ایام کی سیکورٹی کے نام پر قوم کو یرغمال بنانے کے بجائے دیرپا حل تلاش کیا جائے،مہتمم جامعہ بنوریہ

ہفتہ 22 ستمبر 2018 18:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے عاشورہ کے موقع پر امن وامان قائم کرنے پر وزیر اعلی سندھ، گورنر ،ڈی جی رینجرز سمیت دیگر اعلی حکام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اللہ کا شکر ہے ملک بھر میں عاشورہ امن وامان سے گزرگیا،مخصوص ایام کی سیکورٹی کے نام پر قوم کو یرغمال بنانے کے بجائے دیرپا حل تلاش کیا جائے، ملک گیر پہیہ جام سے ملکی معیشت کو نقصان اور عوام اذیت سے دو چار ہوتی ہے۔

ہفتہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ حکومت سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عاشورہ میں امن وامان قائم رکھنے میں کامیابی حاصل کی،جس طرح سے حکمران اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مخصوص ایام کی سیکورٹی کیلئے اقدامات کرتے ہیں اگر پورے سال سیکورٹی کی مجموعی صورتحال بہتر بنانے پر توجہ دی جائے تو مخصوص ایام میں قوم کو خوف و ہراس میں رہنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی اور شہر قائد امن کا گہوارہ بن جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شہر قائد میں اب اہم ایونٹس اور اہم ایام کے کے موقع کی سیکورٹی کے نام پر باسیوں کو یرغمال بنانا کلچر بن چکاہے جوکہ ملکی معیشت کیلئے زہر قاتل ہے ہونے کے ساتھ دیگر طبقات میں احساس محرومی کا سبب بن سکتاہے ، ایک طبقے کی سیکورٹی پر اربوں کا خرچ اور دیگر طبقات کی کھلم کھلا حق تلفی کا جوابدہ کون ہے، اعلی حکام کو اس طرف توجہ دینا بھی ضروری ہے ، انہوں نے کہاکہ ہر سال اربوں روپے ہم مذہبی رسومات اور دیگر جلوسوں کی سیکورٹی کے نام پر صرف کرتے ہیں اگر دیر پا اقداما ت کرکے سیکورٹی پر خرچ ہونے والی اس بڑی رقم کو غریب عوام کی فلاح وبہبود پر صرف کردیاجائے تو ملک کو جلد بیرونی قرضوں سے نجات مل سکتی ہے ، انہوں نے کہاکہ اس سال عاشورہ پر امن گزرااس میں بلاشبہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا نتیجہ ہے اور حکومت نے بھی سیکورٹی کے حوالے سے فول پروف اقدامات کیے جو قابل تعریف وقابل تحسین ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں