جیکب آباد کے واٹر اینڈ سینیٹیشن پروگرام کے لیے امریکی حکومت کا تعاون جاری

ہفتہ 22 ستمبر 2018 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی(USAID) کی فنڈنگ سے چلنے والے میونسپل سروسز پروگرام (MSP) کے تحت ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔ جس میں جیکب آباد میں واٹر اینڈ سینیٹیشن پروگرام کے فیز 2 کی تعمیر کے لیے ممکنہ ٹھیکیداروں کو بریفنگ دی گئی۔تعمیراتی ٹھیکے کے متعلق آگاہی دینے کے اس سیمینار کا اعلان ایک ہفتے قبل کیا گیا تھا۔

کانفرنس میں معروف تعمیراتی کمپنیوں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عہدے داروں نے شرکا کو میونسپل سروسز پروگرام کے مختلف پہلوں اور یو ایس ایڈ کی فنڈنگ سے بنائے جانے والے انفرا اسٹرکچر منصوبوں پر کام کرنے کے لیے ضروری قواعد و ضوابط سے آگاہ کیا۔ ان منصوبوں سے مقامی ہنرمندوں اور مزدوروں کو روزگار کے مواقع میسر آتے ہیں۔

(جاری ہے)

یو ایس ایڈ کے صوبائی ڈائریکٹر برائے سندھ و بلوچستان جون اسمتھ سرین اور ڈپٹی ڈائریکٹر کراچی مائیکل رائیشکیشن، یو ایس ایڈ انفرااسٹرکچر اینڈ انجینئرنگ اسلام آباد کے ڈائریکٹر ڈیرن میننگ اور سندھ حکومت کے پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ کے عہدے داروں نے کانفرنس میں شرکت کی۔

شرکا سے خطاب میں جون اسمتھ سرین کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سے ہماری مضبوط شراکت داری ہے اور حال ہی میں ہم نے تعلیم، صحت، توانائی، روزگار، پرتشدد انتہاپسندی کی روک تھام، پانی کی فراہمی و نکاسی اور کچرے کے انتظام کے شعبوں میں تقریبا 55 کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کی ہے۔ ڈیرن میننگ کا کہنا تھا کہ ہم ایسے سنجیدہ اور پروفیشنل ٹھیکیداروں کے متلاشی ہیں جو ایم ایس پی کمپلیکس اور جیکب آباد میں دیگر اہم انفرااسٹرکچر منصوبوں کے لیے مقررہ معیار پر پورے اتر سکیں۔

یوایس ایڈ اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ عمران اسماعیل کے درمیان حالیہ ملاقاتوں میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ صوبے میں فراہمی و نکاسی آب کا مسئلہ اہم ترین ہے جو وزیراعظم عمران خان کی ترجیحات میں بھی شامل ہے۔سندھ میونسپل سروسز پروگرام شمالی سندھ میں پبلک انفراسٹرکچر اور میونسپل سروسز کو بہتر بنانے میں مدد دے رہا ہے۔

ایم سی پی کا اہم ترین منصوبہ جیک آباد میونسپل پراجیکٹ ہے جس سے 3 لاکھ سے زائد شہریوں کے لیے فراہمی و نکاسی آب اور سالڈ ویسٹ انفرااسٹرکچر کی بہتر سہولیات میسر آرہی ہیں۔ یوایس ایڈ نے میونسپل سروسز پروگرام کے لیے مقامی اور عالمی تننظیموں کے ساتھ بھی شراکت داری کی ہے تاکہ آگاہی کو فروغ دیا جاسکے اور استعداد سازی کے اقدامات کیے جاسکیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں