بھارت کا وزرائے خارجہ ملاقات منسوخ کرنا قابل مذمت ہے، نصرت واحد

پاکستان خطے میں امن و سلامتی کا خواہاں ہے ،تمام تصفیہ طلب معاملات مذاکرات سے حل کرنا چاہتا ہے ،رکن قومی اسمبلی

پیر 24 ستمبر 2018 17:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے نیویارک میں مجوزہ وزرائے خارجہ ملاقات منسوخ کرنا قابل مذمت ہے۔ پاکستان خطے میں امن و سلامتی کا خواہاں ہے اور تمام تصفیہ طلب معاملات مذاکرات سے حل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد کا تہنیتی خط لکھا تھا جس کے جواب میں وزیر اعظم عمران خان نے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے پاک بھارت ڈیڈ لاک کے خاتمے اور کشمیر سمیت تمام معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پر بھارت اور پاکستان کی جانب سے نیو یارک میں پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات پر اتفاق رائے قائم ہوگیا تھا لیکن اب بھارت مذاکرات سے مکر گیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی کابینہ میں امن پسند مذاکرات اور شدت پسند ڈیڈ لاک چاہتے ہیںا۔ انڈین کابینہ ایک صفحے پر نہیں ہے۔ بھارت داخلی دبائو کا شکار ہے۔ بھارتی کابینہ میں شدت پسند حادی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے آپس کے اختلافات کے باعث مذاکرات کا موقع ضائع کردیا ہے۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے نیک نیتی سے خطے میں امن وسلامتی کیلئے پاک و بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کو کامیاب بنانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جسے بھارت کی جانب سے بے حسی کی نظر کردیا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں