چائینز کمپنی سے کے ایم سی وڈی ایم سیز کی مشینری اور بلڈنگز استعمال کرنے کا کرایہ وصول کیا جائے ،سید ذوالفقار شاہ

پیر 24 ستمبر 2018 19:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کے صدرسیدذوالفقارشاہ اور جنرل سیکریٹری ملک نواز نے کہا ہے کہ سندھ سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کے تحت کام کرنے والی چائینز کمپنی نے جنوری 2017سے لیکر ابھی تک نہ تو سرکاری مشینری کا کرایہ ادا کیا ہے اور نہ ہی ورکشاپ اور بلڈنگز کا کرایہ ادا کیا گیا ہے جبکہ کچرا اٹھانے ،سڑکوں کی دھلائی کرنے کی باقاعدہ بلنگ کرکے چائینز کمپنی بل وصول کررہی ہے لیکن سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کی انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے تاحال ایک بھی مشینری یا بلڈنگ کا کرایہ وصول نہیں کیا گیا ہے ۔

جبکہ چائینز ملازمین کو 25فیصد اضافی الائونس بھی ادا نہیں کررہی ہے اور کچرے کی آڑ میں وزن میں اضافے کے لیے مٹی ملبہ رات کے اندھیرے میں مکس کرکے لاکھوں ڈالر وصول کیے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

لیکن نہ تو بورڈ انتظامیہ اور نہ ہی حکومت سندھ اس جانب کوئی توجہ دے رہی ہے ۔نہ ہی میئر کراچی نے اپنے محمود آباد اسفالٹ پلانٹ کا کرایہ وصول کیا ہے اور نہ ہی ڈ ی ایم سی ایسٹ نے محمود آباد ورکشاپ ،گلشن اقبال ورکشاپ ،نور گرائونڈ کشمیر کمپلیس کا کرایہ وصول کیا گیا ہے اسی طرح بلدیہ جنوبی نے لیاری اور صدر ٹائون ورکشاپ اور ایم اینڈ ای آفس کا کرایہ بھی تاحال وصول نہیں کیا ہے ۔

انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ ،چیئرمین واٹر کمیشن اور ایم ڈی سولڈ ویسٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ چائینز کمپنی سے کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کی مشینری اور بلڈنگ استعمال کرنے کا کرایہ وصول کیا جائے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں