ہیٹ ویو سے عوامی زندگیوں کو محفوظ بنا نے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں ،سید نیئر رضا

پیر 24 ستمبر 2018 21:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) متوقع ہیٹ ویو کے پیش نظر بلدیہ کورنگی کا ہنگامی اقدامات ،چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے شہر کراچی میں شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر ضلع کورنگی میں بلدیہ کورنگی کے زیر انتظام ہسپتالوں ،ڈسپنسریز میں ہیٹ ویو سے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لئے خصوصی سیل قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ضلع حدود میں تمام سرکاری و نجی طبی مراکز سے اپیل کی ہے کہ وہ ہیٹ ویو کے حوالے سے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اپنے اداروں میں فوری طبی امدادی سرگرمیوں کو یقینی بنا ئیں تاکہ درپیش ہنگامی صورتحال سے نمٹا اور عوامی زندگیوں کو محفوظ بنا یا جاسکتا ۔

(جاری ہے)

چیئر مین سید نیئر رضا نے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ چورنگیوں ،چوراہوں اور اہم شاہراہوں پر ہیٹ اسٹروک کیمپ قائم کیا جائے جہاں فوری طبی امداد کے ساتھ ٹھنڈے مشروبات کا بھی انتظام کیا جائے ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے یونین کمیٹیز کے نمائندوں اور بلدیاتی افسران کے ہمراہ ضلع کورنگی کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی سطح پر جاری صفائی وستھرائی ،روشنی سمیت دیگر بلدیاتی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر عوامی وفود سے ملاقات کی اور اُن سے علاقائی سطح پر درپیش مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اس موقع پر عوامی کی جانب سے پیش کردہ مسائل فوری حل کرنے کے لئے موقع پر موجود افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے چیئر مین سید نیئر رضا نے کہاکہ بلدیہ کورنگی عوام کو بنیادی مسائل سے نجات دلا نے کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں عوام کی فلاح و بہبود کے حوالے سے فریضہ انجام دے رہی ہے انہوں نے عوام سے اپیل کی شدید گرم موسم میں غیر ضروری باہر نکلنے سے اجتناب کیا جائے ٹھنڈے مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال اور سایہ دار جگہ پر رہنے کو ترجیحی دی جائے چیئر مین سیدنیئر رضا نے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کو ہیٹ ویو ہنگامی اقدامات کے حوالے سے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں