کراچی، بلدیاتی انتخابات کے خواہشمند آئندہ ڈیڑھ سال انتظار کریں، ذوالفقار قائم خانی

انتخابات صوبہ میں لوکل گورنمنٹ کے معیاد کار کے پورے ہونے پر منعقد ہونگے ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی کراچی

پیر 24 ستمبر 2018 23:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری و قائد حزب اختلاف ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ضلع شرقی ذوالفقار قائم خانی نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے خواہشمند آئندہ ڈیڑھ سال انتظار کریں ۔ انتخابات صوبہ میں لوکل گورنمنٹ کے معیاد کار کے پورے ہونے پر منعقد ہونگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے اپنے دفتر میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ذوالفقار قائم خانی نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلدیاتی نظام کو مستحکم کرنا چاہتی ہے اور یاد دلایا کہ آئین کی شق 140کے تحت بلدیاتی اداروں کے اختیارات کی وضاحت 18ویں ترمیم کے ذریعے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی دور صدارت میں کی گئی تھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ صوبہ سندھ بھر کے بلدیاتی اداروں کے منتخب اراکین شہروں اور دیہاتوں میں صفائی اور حفظان صحت کے معیار کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں رائج پارلیمانی نظام میں اختیارات کا مرکز صدر یا گورنر نہیں بلکہ صوبائی کابینہ اور اسمبلیاں ہوتی ہیں ۔ صوبہ میں لوکل گورنمنٹ کے قوانین کا نفاذ صوبائی کابینہ کرتی ہے لہٰذا وفاق کو صوبائی اختیارات میں مداخلت سے باز رہنا چاہئے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں