مشیر اطلاعات و قانون بیرسٹر مرتضی وہاب کا ایس ایم آئی یو کا دورہ

سندھ مدرسہ یونیورسٹی کی خوبصورت عمارت تاریخ اور ٹیکنالوجی کا حسین امتزاج ہے،طلباء سے خطاب

منگل 25 ستمبر 2018 18:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون ، اطلاعات اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمینٹ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی کی خوبصورت عمارت تاریخ اور ٹیکنالوجی کا حسین امتزاج ہے، اساتذہ کو چاہئے کہ وہ اپنا علم نوجوان نسل کو منتقل کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے سینٹ ہال میں اساتذہ اور انتظامی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی جیسے تاریخی ادارے میں پہلی بار آمد ان کیلئے فخر کی بات ہے ، مجھے خوشی ہورہی ہے کہ سندھ مدرسہ کی تاریخ کو احسن طریقے سے یہاں پر محفوظ کیا گیا ہے۔ میں آج جس مقام پر ہوںاپنے والدین کی تربیت اور سرکاری اداروں کی وجہ سے ہوں جہاں سے میں نے اپنی تعلیم حاصل کی۔

(جاری ہے)

مشیر قانون نے مزید کہا صوبے میں انگریزی زبان کے ساتھ سندھی اور اردو زبان میں تعلیم دینی چاہئے، انگریزی زبان کو کامیابی کی علامت نہیں سجھنا چاہئے، کامیابی کیلئے مادری زبان اہمیت کی حامل ہے۔

اس لئے تمام زبانوں کو سیکھنا چاہئے، تاہم اس ملک کے طالبعلموں کو تعلیم اپنی مادری زبانوں میں حاصل کرنی چاہئے۔ اس موقع پر سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ حال ہی میں وفاقی حکومت کی جانب سے تعلیم کے شعبہ کیلئے ایک ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے جس کا وہ حصہ ہیں۔ جہاں پر انہوں نے یہ تجویز پیش کی تھی کہ پرائمری کی تعلیم ہر کسی کو اپنی مادری زبان میں دی جائے اور اعلی تعلیم انگریزی زبان میںہو جبکہ اردو ہماری قومی زبان ہے اس لئے باقی تعلیم قومی زبان میں دینی چاہئے۔پروگرام میں مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، چیئرپرسنز، فیکلٹی اراکین، رجسٹرار اور مختلف شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں