شہریوں کا فرض ہے کہ اپنے شہر کو اون کرتے ہوئے مسائل کے حل میں کردار ادا کریں ،میٹروپولیٹن کمشنر

منگل 25 ستمبر 2018 19:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ شہریوں کا فرض ہے کہ اپنے شہر کو اون کرتے ہوئے اس کے مسائل حل کرنے اور اسے خوب سے خوب تر بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، وہ مختلف ادارے اور افراد جو سماجی خدمات سے وابستہ ہیں انہیں چاہئے کہ وہ پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں بالخصوص ان بچوں کو جو تعلیم سے دور ہیں انہیں لکھنے پڑھنے کی طرف راغب کریں تاکہ مستقبل میں وہ اس معاشرے کے مفید فرد ثابت ہوسکیں ، شہر کے مختلف اہم مقامات پر بنے ہوئے فلائی اوورز اور پلوں کے نیچے بنی ہوئی جگہ کو تجاوزات اور مختلف غیرقانونی سرگرمیوں سے پاک رکھنے کے لئے ان مقامات کو بہتر مقصد کے لئے استعمال میں لایا جاسکتا ہے اور یہاں ایسی تعمیری اور مثبت سرگرمیوں کا آغاز کیا جاسکتا ہے کہ جس کے باعث نہ صرف یہ کہ خالی جگہ کا بہترین استعمال ہوسکتا ہے بلکہ اس جگہ کو ہر طرح کی غیرقانونی سرگرمیوں سے دور رکھا جاسکتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی تنظیم Charter for Compassion Pakistanاور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اشتراک سے Bridges Compassionate Community Centreکے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، تقریب میں معروف مذہبی اسکالر اور مصنفہ Ms.Karen Armstrong، سماجی تنظیم کے صدر امین ہاشوانی، ایگزیکٹو زرین قریشی، علی زبیری اور دیگر بھی موجود تھے، اس موقع پر قیوم آباد فلائی اوور کے نیچے بنائے گئے اسکول کے سائونڈ پروف کمروں میں پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو تعلیم دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جبکہ اطراف کے علاقے کو بھی بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تعاون سے صاف ستھرا کرکے مذکورہ بچوں کے لئے اسپورٹس سمیت صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع بھی فراہم کئے گئے ہیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ فلائی اوورز اور پلوں کے نیچے بعض مقامات پر مختلف تجاوزات قائم کردی گئی ہیں یا پھر وہاں پر نشہ کرنے والے افراد قابض ہیں، ان پلوں کے نیچے ایسی سرگرمیاں بھی جاری ہیں جنہیں فی الفور ختم ہونا چاہئے چنانچہ سماجی تنظیم Charter for Compassion Pakistanنے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ مل کر ایسے پلوں اور فلائی اوورز جہاں تجاوزات قائم ہیں انہیں صاف کرکے تعمیری اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے لئے استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ خوش آئند ہے اور اس طرح ہم ان پلوں اور فلائی اوورز کو اچھے کاموں کے لئے استعمال میں لاسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ اسکول کے قیام سے قبل اطراف کے علاقے میں آباد مختلف کمیونٹیوں کے لوگوں سے ملاقات بھی کی گئی اور باہمی صلاح و مشورے کے بعد یہاں اسکول قائم کیا گیا ہے جہاں پسماندہ علاقوں کے بچوں اور اسٹریٹ چلڈرن کو پڑھانے کے ساتھ ساتھ انہیں مختلف کھیلوں میں بھی حصہ لینے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی اسکالر اور مصنفہ Ms.Karen Armstrongنے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب میں انسانیت کو ترجیح دی گئی ہے مگر انسان ہیں کہ اسے آپس کے لڑائی جھگڑوں سے فرصت ہی نہیں مل پا رہی، انہوں نے کہا کہ ہمیں جھگڑوں اور لڑائیوں سے اجتناب برتتے ہوئے محبت ، اخوت اور انسانیت کو فروغ دینا چاہئے، تنظیم کے صدر امین ہاشوانی نے کہا کہ ان کا ادارہ گزشتہ آٹھ سالوں سے کراچی سمیت سندھ بھر میں کام کر رہا ہے اور ان کے ادارے کے تحت سندھ بھر میں 21 ہزار بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں جس میں پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں اور اسٹریٹ چلڈرن کو تعلیم کی طرف مائل کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کے چند اسکولوں کو بھی وہ بہتر سے بہتر بنانے کے لئے اپنے ادارے کی خدمات پیش کرتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ان کا ادارہ نہ صرف بچوں کو تعلیمی زیور سے آراستہ کرتا ہے بلکہ ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے مختلف ٹریننگ سینٹر چلانے کے ساتھ ساتھ انہیں اسپورٹس کی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینے کے مواقع دیتا ہے جبکہ خواتین کو بھی معاشی استحکام دینے کے لئے انہیں مختلف ہنر سے آشنا کرایا جاتا ہے، قبل ازیں میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن ،Ms.Karen Armstrongاور دیگر نے فیتہ کاٹ کرقیوم آباد پل کے نیچے قائم ہونے والے اسکول کا افتتاح کیا�

(جاری ہے)

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں