حکومت سندھ کا ری ہیبلی ٹیشن سینٹر اسٹیٹ آف دی آرٹ ہے۔ مشیر اطلاعات سندھ

منگل 25 ستمبر 2018 20:12

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے صحت کے شعبہ میں جو ادارے قائم کئے ہیں وہ اسٹیٹ آف دی آرٹ ہیں۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیبلی ٹیشن کے دورے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ سویلیئن سیکٹر میں معذور افراد کی فزیکل فٹنس اور علاج معالجہ کیلئے یہ اپنی نوعیت کا پہلا ادارہ ہے۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ بم دھماکوں سے متاثرہ افراد کیلئے مصنوعی اعضاء لگانے کیلئے حکومت سندھ نے 2007ء میں یہ ادارہ قائم کیا تھا جو صرف ایک عمارت پر مشتمل تھا اور آج حکومت سندھ کی کاوشوں کی بدولت یہ ادارہ چار بلڈنگ پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ذیا بطیس، ٹریفک حادثات اور بم دھماکوں سے معذور ہونے والے افراد کو مصنوعی اعضاء لگانا اور اس کے بعد ان کو عام زندگی میں آسانی سے چلنے پھرنے کیلئے فزیو تھراپی اور دیگر تربیت کے سیشن منعقد کروانا اس ادارے کے اولین فرائض میں سے ہیں۔ صوبائی مشیر نے انسٹیٹیوٹ کے تمام وارڈز اور تدریسی شعبہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے او پی ڈی میں موجود مریضوں سے بھی بات چیت کی، بعد ازاں انہوں نے آٹیزم سیکشن میں فزیکل سرگرمیوں میں مصروف بچوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔

صوبائی مشیر کے ہمراہ انسٹیٹیوٹ کی ڈائریکٹر پروفیسر نبیلہ سومرو نے انسٹیٹیوٹ کی کارکردگی اور علاج معالجہ کے تمام جدید طریقوں سے آگاہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ اسپیشل بچوں کی عادات و رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان بچوں کو مصروف رکھا جاتا ہے اور سیکھنے کے تمام مراحل میں بچوں کے والدین کو بھی آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ اس طرح کے جدید ری ہیبلی ٹیشن سینٹر بہت جلد تمام اضلاع میں قائم کئے جائیں گے جس کے بعد اس سینٹر پر مریضوں کا رش کم ہو گا کیونکہ علاج معالجہ کیلئے صرف سندھ سے نہیں بلکہ پورے پاکستان سے یہاں لوگ آتے ہیں اور علاج معالجہ کی مد میں مریضوں سے فیس بھی نہیں لی جاتی بلکہ مصنوعی اعضاء بھی مفت لگائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو حادثات سے محفوظ رکھنے اور جلد طبی امداد سے آگاہی دینے کیلئے ٹریفک پولیس کے تعاون سے آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے صحت کے شعبہ کو ترجیح دی ہے، ہمارا منشور ہے کہ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جائیں، اس ضمن میں کراچی سمیت سندھ بھر میں جلد ہی ٹراما سینٹرز کا افتتاح کیا جائے گا۔ دورے کے موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر اطلاعات زینت جہاں بھی موجود تھیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں