جمعیت اہلحدیث پاکستان سندھ کا اجلاس ،بھارت کے دھمکی آمیز بیانات پر تشویش کا اظہار

وزیر اعظم ٹوئیٹ پر ردعمل ظاہر کرنے کی بجائے فوری طور پر بھارتی سفیر کو ملک بدر کر کے پارلیمنٹ و اپوزیشن کو اعتماد میں لے کر درست پالیسی مرتب کریں

منگل 25 ستمبر 2018 22:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) جمعیت اہلحدیث پاکستان سندھ کا اجلاس مرکز اہلحدیث میں چیف آرگنائزر مولانا محمد یوسف سلفی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بھارت کے دھمکی آمیز بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت رد عمل ظاہر کیا گیا اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وزیر اعظم صاحب ٹوئیٹ پر ردعمل ظاہر کرنے کی بجائے فوری طور پر بھارتی سفیر کو ملک بدر کر کے پارلیمنٹ و اپوزیشن کو اعتماد میں لے کر درست پالیسی مرتب کریں ۔

چیف آرگنائزر مولانا محمد یوسف سلفی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندو بنیا مودی سرکار الیکشن جیتنے کے لئے اپنی عوام کو بیوقوف بنانے کے لئے پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ فوری اور بھرپور جواب دیا جائے ۔

(جاری ہے)

مرکزی رہنما مولانا اختر محمدی نے کہا کہ بھارتی دھمکیاں پاکستانی قوم کو مرعوب نہیں کر سکتیں بھارت کا جنگی جنون بھارت و بھارتی عوام کو لے ڈوبے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی کی بھیڑ بکری نہیں ایک ناقابل تسخیر ایٹمی قوت ہے ہمیں دھمکیوں سے ڈرایا نہیں جا سکتا ۔ اہلحدیث یوتھ فورس کے ناظم حافظ محمد حنیف سلفی نے کہا کہ PTIحکومت اپنا اپوزیشن والا کردار اقتدار میں آکر بھول گئی ہے اسے چاہئے کہ وہ بھارتی دھمکیوں پر پاکستان کے عوامی امنگوں کے مطابق خارجہ پالیسی مرتب کرے ۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے پاک افواج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستانی قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ ہندو بنئے نے کسی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو اس کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا ۔ اجلاس سے مولانا بلال احمد سلفی ، مولانا معاویہ سلیم، زاہد سلفی، مدثر محمدی، قاری عبد الرزاق، حافظ یاسین محمدی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں