آرٹس کونسل میں ’’ورلڈ فارمسسٹ ڈے‘‘ منایا گیا

منگل 25 ستمبر 2018 23:26

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی میڈیکل اینڈ سوشل ویلفیئرکمیٹی با اشتراک فارمیسی گریجویشن ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ’’ورلڈ فارمسسٹ ڈے‘‘ منایا گیا۔اس تقریب کے موقع پر چیئرمین سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ٹیپو سلطان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن فارمسسٹ کے لیے ایک اہم دن ہے، فارمسسٹ ہسپتال کا ایک اہم رکن ہیں اور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہر سال ہزاروں فارمسسٹ ملک کی خدمت کے لیے تیار ہورہے ہیں۔

انہوں نے تمام طلبہ، پی جی اے اور مقررین سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے اس دن کو کامیاب بنایا۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی چیئرمین میڈیکل اینڈسوشل ویلفیئر کمیٹی ڈاکٹرایس ایم قیصر سجاد نے کہا کہ فارمسسٹ کا اہم کردار ہوتا ہے، ڈاکٹر کے ساتھ ساتھ فارمسسٹ بھی اہمیت کے حامل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاو میڈیکل یونیورسٹی کی ڈین ڈاکٹرسنبل شمیم نے کہا کہ ورلڈ فارمیسی ڈے پچھلے آٹھ برس سے منایا جارہا ہے اور اس کی اہمیت ہر سال بڑھتی جارہی ہے۔

بقائی یونیورسٹی کے ڈین ڈاکٹر شکیل خالد نے کہا کہ فارمسسٹ اپنے مشغلے میں اپنی مثال آپ ہیں، وہ اپنے مشغلے کے لیے دن رات محنت کرتے ہیں تاکہ دنیا میں ان کا ایک نام بن سکے۔ پی جی اے کے صدر ڈاکٹر امر علی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پی جی اے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ فارمیسی ڈے کی بنیاد فارمیسی گریجویشن ایسوسی ایشن نے رکھی۔

اس موقع پرڈاکٹر محبوب، ڈاکٹر تنویر احمد، ڈاکٹر کامران علی اور دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب میں طلبہ نے اپنی پرفارمنس کے ذریعے فارمسسٹ کے ذمہ داریوں کو اجاگر کیا۔ تقریب کے آخر میں پی جی اے کے پیٹرن ڈاکٹر زین الحسنین نے تمام طلبہ اور مہمانوں کو مبارکباد دی اور کیک کاٹا۔ سیمینار کے شرکاء نے آرٹس کونسل سے کراچی پریس کلب تک واک کی۔ واک کے شرکاء نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ورلڈ فارمسٹ ڈے کی اہمیت کے حوالے سے نعرے درج تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں