امریکی ویزے کے حصول کو آسان بنانے کی کوشش جاری ہے،علی جہانگیر صدیقی

امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جارہی ہے،پی سی سی آئی کے صدر سے ملا قات

بدھ 26 ستمبر 2018 17:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2018ء) امریکہ میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیر صدیقی نے ایف پی سی سی آئی کے وفد کی جانب سے امریکہ کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ملکوں کے مابین تجارت بڑھے گی۔انھوں نے کہا کہ امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جارہی ہے جبکہ ویزے کے حصول کو بھی آسان بنانے کی کوشش جاری ہے۔

امریکہ میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیر صدیقی نے یہ بات ایف پی سی سی آئی کے صدرغضنفر بلورسے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی چیمبر کی سفارشات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا اور قابل عمل سفارشات پر عمل کیا جائے گا۔ پاکستانی مصنوعات کی امریکہ میں مختلف مقامات پر نمائش کی جائے گی جبکہ پاکستانی کاروباری برادری امریکی سرمایہ کاروں کیلئے تفصیلی تجاویز پیش کرے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور نے کہا کہ قبائلی علاقوں میںامریکی مدد سے صنعتی بستیوں کے قیام کی کوشش کی جائے، پاکستانی* سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں ہماری مصنوعات کی نمائش کی سہولت فراہم کی جائے، اور سی پیک پر ایک کانفرنس منعقد کی جائے تاکہ اس منصوبہ کے بارے میں امریکہ میں موجود غلط فہمیوں کو ختم کیا جا سکے۔انھوں نے پاکستان کی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔

ایف پی سی سی آئی کے چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل نے پاکستان کے معدنیات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے امکانات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ اور فاٹا کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔میٹنگ میں یف پی سی سی آئی کے نائب صدور کریم عزیز ملک اور شفیق انجم، مہمند چیمبر کے صدر فیصد خان، چارسدہ چیمبر کے صدر سکندر خان، سوات چیمبر کے اول نائب صدر اکبر خان، ارسلان کھوکھر اور امریکہ میں پاکستان کے کمرشل کونسلر عرفان اور دیگر بھی موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں