لگژری گاڑیوں پرعائد پابندی سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کیا

جائے،میرشبیربجارانی سندھ حکومت کے زیر استعمال لگژری گاڑیوں کی تفصیلات کے حوالے سے قائم کردہ کابینہ کی کمیٹی کا اجلاس

بدھ 26 ستمبر 2018 20:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2018ء) سندھ حکومت کے زیر استعمال لگژری گاڑیوں کی تفصیلات کے حوالے سے قائم کردہ سندھ کابینہ کی کمیٹی کا اجلاس بدھ کے روز صوبائی وزیر برائے معدنیات ومعدنی ترقی میر شبیر علی بجارانی کی صدارت میں نیو سندھ سیکریٹریٹ کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین صوبائی وزیر بلدیات،پبلک ہیلتھ انجیئنرنگ،دیہی ترقی اور کچی آبادی سعید غنی،وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن و نارکوٹکس مکیش کمار چاولہ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ خزانہ نور عالم،سیکریٹری داخلہ سندھ عبدالکبیر قاضی اور سیکریٹری جنرل ایڈ منسٹریشن سندھ ساجد جمال ابڑو نے شرکت کی۔

اجلاس میں سندھ حکومت کے زیر استعمال لگژری گاڑیوں کی تفصیلات معلوم کی گئیں اور فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں صوبے بھر میں ایسی تمام لگژری گاڑیاں جو دس سال سے زائد عرصہ پرانی ہیں ایسی گاڑیوں کو آکشن کیا جا سکتا ہے لیکن اس سے پہلے یہ تعین بھی کیا جائے کہ گاڑی کے حقدار جس افسر سے پرانی لگژری گاڑی لیکر آکشن کی جائے گی اس افسر کو کون سی گاڑی دی جائے گی اور اگر ایسے افسر کے لئے نئی گاڑی لی جائے گی تو اس سے خزانے پر کتنا بوجھ آئے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں سندھ کابینہ نے نئی گاڑیوں کی خریداری پر پہلے ہی پابندی عائد کر رکھی ہے۔اجلاس میں معزز عدالت کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کی ہدایات دی گئیں اور کمیٹی کا اجلاس دو روز بعد دوبارہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں