وفاقی وزیر بحری امورسید علی زیدی کا پی آئی بی ٹی کول ٹرمینل کا دورہ

پیر 15 اکتوبر 2018 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر بحری امور سید حیدر علی زیدی نے پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل(PIBT) کا دورہ کیا اس کے موقع ان کے ساتھ چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی، اسد رفیع چندنا، چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ(KPT) ، ریئر ایڈمرل جمیل اختر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ، پی آئی بی ٹی، شارق اے صدیقی نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی اور جدید کول ٹرمینل کی تعمیر کے حوالے سے ان کو بتایا جس پر 300 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی بی ٹی دوسرا پورٹ ٹرمینل پراجیکٹ ہے جو کراچی اسٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ ہے اور جس میں ورلڈ بینک نے نہ صرف سرمایہ کاری کی ہے بلکہ قرضہ کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔

(جاری ہے)

عام طور پر ورلڈ بینک کول ٹرمینل کے منصوبوں میں سرمایہ کاری نہیں کرتا ، تاہم، پورٹ قاسم میں پی آئی بی ٹی کے معاملے میں ورلڈ بینک نے معاونت فراہم کی ہے تاکہ پاکستان میں پورٹ پر کوئلے کی ہینڈلنگ انفرااسٹرکچر کو میکینائزڈ اور جدید بنانے کے ساتھ آلودگی کی حامل کارگو ہینڈلنگ کو عالمی معیارات کے مطابق بنایا جاسکے۔

وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ پی آئی بی ٹی جدید میکینائزڈ ٹرمینل ہے جہاں کوئلے کی جدید طریقے سے ہینڈلنگ کی جاتی ہے اور یہ شہری آبادی سے 50 کلومیٹر دور ہے جہاں بہترین ماحولیاتی معیارات پر عمل کیا جاتا ہے جبکہ آلودگی اور کارگو ہینڈلنگ کے دیگر نقصانات سے تحفظ ممکن بنایا گیا ہے۔انہیں بتایا گیا کہ پی آئی بی ٹی سندھ انوائرمنٹل پراٹیکشن ایجنسی سے باقاعدہ سرٹیفائڈ ہے اس کے علاوہ ورلڈ بینک کی ماحول کے لیے رہنما گائیڈ لائنز پر عمل کیا جاتا ہے۔ یہ ٹرمینل پورٹ قاسم سے 30 سال کی بی او ٹی کنسیشن پر تعمیر کی گئی ہے اور اس کے ٹیرف اور دیگر معاملات پی کیو اے متعین کرتا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں