کراچی،میمن گوٹھ میں پولیس کا خفیہ اطلاع پر غیر قانونی اسلحہ برآمد کرنے کا دعوی تاہم بعد میں اسلحہ لائسنس یافتہ قرار دیدیا

جمعرات 18 اکتوبر 2018 20:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) کراچی میں میمن گوٹھ کے علاقے میں پہلے پولیس نے خفیہ اطلاع پر غیر قانونی اسلحہ برآمد کرنے کا دعوی کیا تاہم بعد میں اسلحہ کو لائسنس یافتہ قرار دیدیا، جبکہ پولیس کسی اسلحہ کا لائسنس میڈیا کو نہ دکھا سکی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق چھاپہ غیر قانونی اسلحہ کی موجودگی کی اطلاع پر مارا گیا تھا جس کے دوران فارم ہائوس کی تلاشی کے دوران مختلف اقسام کا اسلحہ اور سیکڑوں گولیاں بھی ملیں، چھاپے کے دوران پولیس نے 18 ملازمین کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کردیا جبکہ حراست میں لئے افراد کے پاس سے شراب کی 8 بوتلیں بھی ملیں، تاہم بعد میں پولیس نے اسلحہ قانونی قرار دے دیا۔

پولیس کے مطابق تمام اسلحہ لائسنس یافتہ ہے اور جن افراد سے شراب کی بوتلیں ملیں وہ غیر مسلم ملازم ہیں تاہم پولیس میڈیا کو کسی بھی اسلحہ کا لائسنس نہ دکھا سکی۔واضح رہے کہ اس سے قبل پولیس نے 18ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اورشراب برآمد کرنے کا دعوی کیاتھا۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے میمن گوٹھ میں پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کی، اس دوران 18 ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی جن کے پاس سے اسلحہ بھی برآمد ہواہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں