سانحہ کار ساز کے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے دعائیہ تقریب کا انعقاد

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:06

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) سانحہ کار ساز کے شہدا کی 11 ویں برسی کی یاد میں اور ان کے ایصال ثواب کیلئے سانحہ کارساز یادگار شاہراہ فیصل پر دعائیہ تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر سانحہ کار ساز میں شہید ہونے والوں کیلئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی ہوئی اور انہیں جمہوریت کیلئے قربانی دینے پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اس موقع پر ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی تصاویر کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جن میں ان کی جدوجہد کے ادوارکو تصویروں کے ذریعے واضع کیا گیا۔ واضع رہے کہ 18 اکتوبر 2007 ء کو 9 سالہ جلا وطنی ختم کر کے واپسی آنے پر محترمہ بینظیر بھٹوشہید کے استقبالیہ جلوس میں خود کش دھماکوں کے نتیجے میں 160 سے زائد پیپلز پارٹی کے کارکن شہید ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے بھی شہیدوں کی یادگار پر حاضری دی اور پھول نچھاور کئے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما نثار احمد کھوڑو، وقار مہدی، آغا سراج درانی، سردار محمد بخش مہر، ناصر حسین شاہ، اقبال ساند، سعدیہ جاوید، شاہدہ رحمانی، وقاص شوکت، حیدر خان، فیضان سجاد، شکیل چوہدری، سعید غنی، جاوید ناگوری، سردار نزاکت، علی احمد جان، عبدالرحیم، خالد لطیف و دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔

بعد ازاں پی پی پی کراچی کے صدر سعید غنی، جنرل سیکریٹری سندھ وقار مہدی، راشد حسین ربانی اور ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند نے اعظم بستی قبرستان میں سانحہ 18 اکتوبر کے شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں