رسول بخش پلیجو سندھ کی تاریخ کے اہم شخص ہیں، معروف مصنف جامی چانڈیو و دیگر کا علمی کانفرنس سے خطاب

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:54

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) پاکستان کے معروف مصنف اور عالم جامی چانڈیو نے رسول بخش پلیجو کی شخصیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری کی زندگی کا بہت اہم حصہ رسول بخش پلیجو کے ساتھ گزرا، وہ سماج کی پرواہ کئے بغیر سچائی کا ساتھ دیتے تھے، وہ سندھ کی تاریخ کے اہم شخص ہیں۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں پاکستان کے نامور مدبر اور سیاسی رہنما رسول بخش پلیجو کے حوالے سے منعقد کی گئی علمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ رسول بخش پلیجو کی خوبیوں کو چند الفاظ میں بیان کرنا ناممکن ہے، وہ ایک عظیم شخص تھے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ وہ رسول بخش پلیجو کی زندگی کے حوالے سے کتاب بھی لکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آرٹس کونسل کراچی کی فوک اینڈ ہیریٹیج کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر ایوب شیخ نے کہا کہ رسول بخش پلیجو ایک سماجی کارکن تھے ، وہ ایک نفیس اور دانشور انسان تھے۔

تقریب کے موقع پر وسعت اللہ خان نے رسول بخش پلیجو کی یاد میں اپنے تحریر پیش کی جس میں انہوں نے رسول بخش پلیجو کی زندگی کے اہم واقعات کو اجاگر کیا۔ کرامت علی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ رسول بخش پلیجو ایک اچھے دوست بھی تھے، ان میں دوسروں کی بات سننے اور سمجھنے کی صلاحیت تھی، ان کی زندگی کی جدوجہد سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے۔معروف تھیٹر ڈائریکٹر شیما کرمانی نے کہا کہ رسول بخش پلیجو نے سندھ کی عورتوں میں ایک اعتماد اور جذبہ پیدا کیا، وہ انقلابی سوچ رکھتے تھے، انہوں نے عورتوں کے حقوق کے لئے ہمیشہ آواز اٹھائی۔

اس موقع پر عبدالقادر آنٹو، حورالنساء پلیجو، ڈاکٹر اسلم آزاد، مدد علی سندھی، گل حسن کلماتی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر شیما کرمانی نے تھیٹر ڈانس پیش کیا جس میں انہوں نے سندھ کی ثقافت کو اجاگر کیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں