اداکار سلیم ناصر کو مداحوں سے بچھڑے 29برس بیت گئے

جمعہ 19 اکتوبر 2018 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) اپنی لازوال اداکاری کی بدولت مداحوں کے دلوں میں گھر کرنے والے سینئر اداکار سلیم ناصر کی29ویں برسی 19اکتوبرکو منائی گئی۔پندرہ نومبر 1944کو بھارت کے شہر ناگپور میں پیدا ہونے والے سلیم ناصر قیام پاکستان کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان آگئے اور کراچی میں مستقل سکونت اختیار کی۔

انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز چھوٹی اسکرین سے کیا اور ہر قسم کے کردار کو بخوبی نبھا کر ناظرین سے بھرپور داد وصول کی۔

(جاری ہے)

ان کے مقبول ڈراموں میں دستک ، نشان حیدر ، آخری چٹان ، یانصیب کلینک ، بندش اور ان کہی شامل ہیں لیکن انور مقصود کے تحریر کردہ آنگن ٹیڑھا میں اکبر کے کردار نے انہیں ہمیشہ کے لئے امر کردیا۔سلیم ناصر نے ٹی وی کے علاوہ فلم میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کی فلم زیب النسا بھی شامل ہے۔

ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں ملک کا اعلی ترین صدارتی حسن کارکردگی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔سلیم ناصر 19 اکتوبر 1989کو صرف45برس کی عمر میں دل کادورہ پڑنے سے جہان فانی سے کوچ کر گئے لیکن ان کے ادا کئے گئے کردار آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں