مظفر ہاشمی اور حکیم مجاہد محمود کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گے ،ْ حافظ نعیم الرحمن

جمعیت الفلاح کو فعال رکھنے اور شعر وادب کے فروغ میں ان کا کردار اہم ہے ،ْ جمعیت الفلاح کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 19 اکتوبر 2018 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے مظفر ہاشمی اور حکیم مجاہد محمود برکاتی کی تحریکی، سیاسی و سماجی اور ادبی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان شخصیات نے جمعیت الفلاح کو فعال رکھنے ، شعر وادب کے فروغ اور ادبی سرگرمیوں کے انعقاد میں بھی اہم کردار اد اکیا ہے ۔جماعت اسلامی اور جمعیت الفلاح کے درمیان بڑا گہرا تعلق اور تعاون رہا ہے جو آئندہ بھی جاری رہے گا ۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ادارہ نورحق میں جمعیت الفلاح اسلامی تہذیبی و ثقافتی مرکز کی مجلس عاملہ کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں جمعیت الفلاح کے جنرل سکریٹری قمر خان اورنائب صدر راشد قریشی سمیت دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جمعیت الفلاح کے صدر و سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی کے انتقال کے بعد پیدا ہونے والے خلاء کے حوالے سے جائزہ لیا گیا اور مشاورت سے جمعیت الفلاح کے عہدیداران نے قیصرخان کو قائم مقام صدر بنانے کا فیصلہ کیا ۔

اجلاس میں مظفر احمد ہاشمی اور ادارے کے سابق جنرل سکریٹری حکیم مجاہد محمود برکاتی کی خدما ت کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جمعیت الفلاح کا قیام چوہدری غلام محمد مرحوم جو جماعت اسلامی کراچی و سندھ کے امیر تھے کے دورمیں عمل میں آیا اور اس دور کے اسپیکر قومی اسمبلی مولوی تمیز الدین بھی اس ادارے کے بانیان میں شامل تھے ۔

ادارے کو مولانا مودودیؒ کے وژن اور فکر اقبال کے فروغ اور پروان چڑھانے کے لیے بنایا اور چلایاگیا ، یہاں اہم اسلامی اور قومی ایام اور و ملی ایشوز اور عالم اسلام کے مسائل ، معاملات کے حوالے سے مسلسل سرگرمیاں کانفرنس ، سیمیناراور مشاعرے وغیرہ انتہائی حوصلہ افزاء اور قابل تحسین ہیں ۔امید ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں