کے الیکٹرک کی نااہلی کے سبب پورا شہر بجلی سے محروم رہا، ترجمان پی ٹی آئی کراچی

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 19:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی کراچی عادل انصاری نے کہا ہے کہ کراچی میں کے الیکٹرک کے بریک ڈائون کے سبب پورا شہر بجلی سے محروم رہا۔ ملک کی معیشت کے حب کو متعدد گھنٹوں سے بجلی سے محروم رکھا گیا۔ منی پاکستان کہلانے والے شہر میں بجلی کی فراہمی بند ہونے سے کروڑوں کا نقصان ہوا۔

ترجمان پی ٹی آئی کراچی نے کہا کہ بجلی کی فراہمی بند ہونے سے شہر میں پانی کی فراہمی بھی بری طرح متاثر ہو ئی۔

(جاری ہے)

کے الیکٹرک کو چاہئے کہ شہر میں ہونے والے بریک ڈائون پر ایک مفصل رپورٹ شائع کرے اور تمام حقائق عوام کے سامنے لائے۔ بریک ڈائون کی وجوہات بتائی جائیں۔ واضح کیا جائے کہ ایسے مسائل سے نمٹنے کے لیے کے الیکٹرک کے پاس کیا لائحہ عمل ہے۔

شہر میں کاروبار اور سپلائی کیے جانے والے پانی کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ کے الیکٹرک کو چاہئے کہ مستقبل میں ایسے بریک ڈائو ن سے بچنے کے لیے جامع حکمت عملی وضع کرے۔ کراچی نے تحریک انصاف کے نمائندوں کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے۔ بجلی کا شمار بنیادی ضروریاتِ زندگی میں ہوتا ہے۔ روشنیوں کے شہر کو اندھیروں میں ڈوبنے سے بچایا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں