ملک کے معاشی مسائل حل کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، نصرت واحد

گذشتہ 10 سالوں میں پاکستان کو غیر ملکی قرضوں کے دلدل میں دھکیل دیا گیا، رکن قومی اسمبلی

اتوار 21 اکتوبر 2018 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی مسائل حل کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ماضی کی حکومتوں کی ناقص معاشی پالیسی کے باعث پاکستان سنگین معاشی بحران کا شکار ہوگیا۔ گذشتہ 10 سالوں میں ملک کو غیر ملکی قرضوں کے دلدل میں دھکیل دیا گیا۔ غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کے لیے تحریک انصاف کی حکومت مربوط لائحہ عمل اختیار کرے گی۔

منی لانڈرنگ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ موجودہ مشکلات عارضی ہیں، عوام کو ریلیف دینے کیلئے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے کہا ہے کہ وہ پاکستان رقوم بھیجنے کیلئے بینکنگ سسٹم پر انحصار کریں۔ ہنڈی و دیگر غیر قانونی طریقوں سے رقوم کی منتقلی سے اجتناب کیا جائے۔

(جاری ہے)

نصرت واحد نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت بہتر بنانے کیلئے تاجر برادری بھی ہر اول دستے کا کردار ادا کرے۔

ٹیکس نیٹ کا دائرہ وسیع کرنے کیلئے مربوط سسٹم بنایا جائے گا۔ اسمگلنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری درآمدی و برآمدی امور میں ھکومت سے مکمل تعاون کرے۔ درآمدات و برآمدات کے فروغ کیلئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور ڈالر کی اونچی اوڑان کو قابو کرنے اور روپے کی قدر کے استحکام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کو استحکام دیں گے۔ عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں