کراچی ، آئے روز بجلی کے بڑے بڑے بریک ڈائون ، لوڈشیڈنگ ،ایوریج اور ایسڈ بلنگ سمیت ناانصافیاں انتہا کو پہنچ چکی ہیں ،عبدالحاکم قائد

اتوار 21 اکتوبر 2018 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2018ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدرعبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ کراچی میں آئے روز بجلی کے بڑے بڑے بریک ڈائون ، لوڈشیڈنگ ،ایوریج اور ایسڈ بلنگ سمیت ناانصافیاں انتہا کو پہنچ چکی ہیں ۔ گورنر ،وزیر اعلیٰ متعدد بار نوٹس لے چکے ہیں ۔ وفاقی محتسب ،عدالت عظمیٰ اور عدالت عالیہ میں کے الیکٹرک کے مظالم کے خلاف ہزاروں مقدمات زیر سماعت ہیں لیکن ان تمام مسائل پر عوام کی دادرسی نہ ہونے کا صاف اور واضح مطلب ہے کہ کے الیکٹرک اتنا طاقتور ہاتھی بن گیا ہے کہ اس کے سامنے سب بے بس ہیں ۔

کراچی سے حالیہ عام انتخابات میں منتخب ہونے والے نمائندو ںپر بھی اس معاملے پر مجرمانہ خاموشی طاری ہے ۔ عوام کے اشتعال کا لاوہ پھٹنے کا انتظار کیوں کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

وہ نارتھ کراچی میں متاثرہ صارفین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پر پاسبان سینٹرل کے رہنما محمد سلیم جنجوعہ ، سیف الاسلام ، محمد اسلم ملک ،جمعہ خان ،محمد بشیر ،مرسلین و دیگر بھی موجود تھے ۔

عبدالحاکم قائد نے کہا کہ کے الیکٹرک کی لاپرواہی بھتہ خوری ،قومی خزانے پر بوجھ اور ناقص کارکردگی کا پہاڑ کھڑا ہوگیا ہے لیکن اقتدار کے ایوانوں میں خاموشی طاری ہے ۔ میڈیا میں درجنوں بار یہ رپورٹس آچکی ہیں کہ کے الیکٹرک میں بھاری معاوضہ پر مختلف ایسے افراد تعینات ہیں جو اجارہ داری رکھنے والی سیاسی جماعتوں کو ماہانہ بھاری رقومات ادا کرتے ہیں آخر ان کا نوٹس کیوں نہیں لیا جارہا ۔عبدالحاکم قائد نے کہا کہ عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہوتا جارہا ہے ۔کے الیکٹرک کی بدمعاشیوں کو لگام دی جائے ۔ تمام معاملات درست کئے جائیں ۔ بصورت دیگر احتجاج کی ایسی زبردست لہر اٹھے گی جس کے نتیجے میں خدانخواستہ شہر ایک بار پھر بدامنی کی لپیٹ میں آجائے گا۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں