سندھ حکومت جدید خطوط پر فارنسک لیب کا قیام عمل میں لارہی ہے، فزیبیلٹی اور ٹیکنیکل رپورٹ تیار ہوچکی ،بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

اتوار 21 اکتوبر 2018 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2018ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت جدید خطوط پر فارنسک لیب کا قیام عمل میں لارہی ہے اس کی فزیبیلٹی اور ٹیکنیکل رپورٹ تیار ہوچکی ہے ان خیالات کا اظہار صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ سندھ میں فارنسک لیب موجود نہیں۔

لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز میں فارنسک لیبارٹری میں تحقیق کا کام ہوتا ہے مگر وہ جدید آلات پر مشتمل نہیں ہے۔ مشیر اطلاعات نے بتایا کہ سندھ فارنسک لیب کے لیے ضلع ملیر کراچی میں زمین کی ڈیمارکیشن اور فنڈ کی ایلوکیشن مکمل ہوچکی ہے دو سے ڈھائی سال کی مدت میں سندھ فارنسک لیب اسٹیٹ آف دی آرٹ کی شکل میں سندھ حکومت کا عوام کے لیے نادر تحفہ ہوگی۔

(جاری ہے)

مشیر اطلاعات نے بتایا کہ لاہور کی فارنسک لیب میں ڈی این اے کی جانچ ہوتی ہے مگر سندھ فارنسک لیب میں دنیا کے جدید آلات اور ٹیکنالوجی ہوگی اور اس لیبارٹری کو آنے والے وقتوں میں اپ گریڈ کرنے اور توسیع کرنے کے انتظامات بھی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کراچی یونیورسٹی میں قائم ایچ ای جے انسٹیٹیوٹ میں دوسرے ادارے اور ممالک اپنی کیمیکل ٹیسٹنگ کراتے ہیں بالکل اسی طرح سندھ فارنسک لیب میں بھی قومی اور بین الاقوامی ادارے فارنسک اور تحقیق کا کام کرائیں گے جس سے سندھ فارنسک لیب اپنے مالیاتی اخراجات اور ریسرچ کرنے والوں کو معقول ادائیگی کرنے کے قابل ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ فارنسک لیب کا قیام پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وڑن کا عکس ہے جس سے پاکستان میں رہنے والا ہر فرد استفادہ کرے گا۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں