مختلف شاہراہوں کے اطراف پودوں اور درختوں کی تراش خراش کا عمل جاری رکھا جائے،میٹروپولیٹن کمشنر کراچی

ہمیں پیدل چلنے والوں کو ایسے فٹ پاتھ فراہم کرنا ہونگے جہاں کسی بھی طرح کے چھوٹے یا بڑے تجاوزات موجود نہ ہوں ،ڈاکٹرسیف الرحمن

پیر 22 اکتوبر 2018 18:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام مختلف شاہراہوں کے اطراف پودوں اور درختوں کی تراش خراش کا عمل جاری رکھا جائے ساتھ ہی ساتھ درختوں میں الجھے ہوئے بے ترتیب اور بے ہنگم تاروں کو وہاں سے اس طرح ہٹایا جائے تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو، فٹ پاتھوں پر موجود ہر طرح کے تجاوزات کو ہٹا دیا جائے، ہمیں پیدل چلنے والوں کو ایسے فٹ پاتھ فراہم کرنا ہونگے جہاں کسی بھی طرح کے چھوٹے یا بڑے تجاوزات موجود نہ ہوں ، فٹ پاتھوں پر فلاحی کام کرنے والے ادارے بھی کسی مناسب جگہ کو لے کر اپنے کاموں کو آگے بڑھائیں، دنیا بھر میں فٹ پاتھ لوگوں کے چلنے کے لئے ہوتے ہیں اوروہاں پیدل چلنے والوں کواحترام کی نظروں سے دیکھا جاتا ہے تاکہ ان کی عزت نفس مجروح نہ ہو، پیدل چلنے سے انسانی صحت پر بھی بہت اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں لیکن یہ سب کچھ اسی وقت ممکن ہے جب لوگ اور ادارے اس بات کو سمجھیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی صبح اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں مختلف محکمہ جاتی سربراہان نے شرکت کی، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے ہدایت دی کہ ابن سینا روڈ کے اطراف جہاں جہاں ضرورت ہے وہاں گھاس لگائی جائے جبکہ عباسی شہید اسپتال اور دیگر اسپتالوں کے اطراف موجود تجاوزات کو فوری طور پر ہٹایا جائے تاکہ وہاں آنے والے مریضوں اور ایمبولینس کو آسانی ہوسکے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی بلڈنگ کے باہر اطراف میں جو فٹ پاتھ ٹوٹے ہوئے ہیں انہیں درست کرایا جائے، پودوں اور درختوں کی تراش خراش ہوتی رہنی چاہئے اس طرح دیکھنے والوں کو بھی خوبصورتی کا احساس ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ عسکری پارک کے سامنے، نیپا چورنگی سے سمامہ برج تک، الہٰ دین پارک کے سامنے، سر شاہ سلیمان روڈ پر، مشرق سینٹر کے سامنے، آغا خان اسپتال کے اطراف، صبغت اللہ راشدی روڈ پر، نیو ٹائون چورنگی کے اطراف، مزار قائد تا جیل چورنگی سمیت دیگر مقامات پر درختوں کی تراش خراش کی زیادہ ضرورت ہے لہٰذا یہاں فوری طور پر کام شروع کردیا جائے، انہوں نے کے ایم سی بلڈنگ کے انچارج/ سپر وائزر کو ہدایت کی کہ بلڈنگ میں صفائی کے عمل کو یقینی بنائیں اور بلڈنگ کی بائونڈری وال پر لگی جالیوں کو صاف ستھرا رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی بلڈنگ قدیم ترین عمارت ہے جہاں عام شہری اپنے مسائل کے حل کے لئے رجوع کرتے ہیں لہٰذا یہاں آنے والوں پر بھی بلڈنگ کو دیکھ کر ایک اچھا تاثر ملنا چاہئے، اجلاس میں بتایا گیا کہ اورنگی نمبر 5 میں ڈیڑھ ایکڑ رقبے پر محیط زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کرالیا گیا ہے جس پر میٹروپولیٹن کمشنر نے ہدایت کی کہ اس زمین کو عام نیلامی کے لئے پیش کردیا جائے تاکہ یہاں دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ افسران اس شہر کی بھلائی کے لئے جو بھی کام کریں وہ ایک عزم کے ساتھ کریں، اگر ہم دلجمعی کے ساتھ شہریوں کو سہولت پہنچانے کے لئے آگے بڑھیں تو مشکلات بھی آسان ہونے لگتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں