تھر میں فراہمی آب و خوراک کا کام تیز کیا جائے، چیف سیکرٹری سندھ کی ہدایت

پیر 22 اکتوبر 2018 18:32

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے تھر میں ضرورت مندوں کو پانی، حفظان صحت، خوراک، طب و صحت، افزائش مویشیاں اور تعلیم کی سہولتوں کی فراہمی کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور متعلقہ سیکرٹریوں سے دو روز کے اندر خدمات کی ادائیگی اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے ضمن میں رپورٹس طلب کر لی ہیں۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے پیر کو اپنے دفتر میں تھر ڈولپمنٹ پروگرام کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ بورڈ سندھ محمد وسیم، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہیلتھ ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ، سیکریٹری لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سہیل اکبر شاہ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن قاضی شاہد پرویز، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن (ایس ای ایف) ناہید شاہ درانی اور سیکریٹری پلاننگ ڈاکٹر شریں ناریجو نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

چیف سیکریٹری سندھ نے خشک سالی سے متاثرہ لوگوں کو پینے کے پانی، خوراک و ادویات اور ان کے مویشیوں کے لئے چارہ فراہم کرنے کے لئے خدمات کو مستحکم کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ اس سلسلے میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔ سید ممتاز علی شاہ نے زور دے کر کہا کہ صوبہ بھر میں خدمات کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ترجیحی بنیاد پر تھر میں خدمات کے دائرے کو وسیع کیا جائے۔

چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ محمد وسیم نے شرکاء اجلاس کو تجویز دی کہ وہ روابط کو مستحکم بنا کر اپنے اپنے حصے کا کام کرتے رہیں۔ اجلاس میں شریک تھر فائونڈیشن اور اینگرو کے نمائندوں نے تھر کے بارے میں بریفنگ دی۔ ایم ڈی ایس ای ایف ناہید شاہ درانی نے تھر میں تعلیمی خدمات کے حوالے سے صورتحال پر روشنی ڈالی اور بعض مسائل کے حل کے لئے تجاویز بھی پیش کیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر اسٹیوٹا ناصر ملک نے بھی اپنے ادارے کی خدمات سے آگاہ کیا۔ سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، سیکریٹری زراعت آغا ظہیر الدین اور دیگر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں