شہید محترمہ بینظیر بھٹو لیاری میڈیکل کالج کے اساتذہ کا پرنسپل انجم رحمن کو فوری برطرف کرنے کا مطالبہ

کرپشن کو سامنے لانے پر گینگ وار کے لوگوں کے ذریعے اساتذہ کو ہراساں کیا جارہا ہے،اساتذہ کی پریس کانفرنس

منگل 23 اکتوبر 2018 17:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) شہید محترمہ بینظیر بھٹو لیاری میڈیکل کالج کے اساتذہ نے حکومت سندھ کالج کی پرنسپل ڈاکٹر انجم رحمان کو فوری طور پر عہدے سے برطرف کرنے اور گزشتہ پانچ سالوں سے کالج میں ہونے والی مالی بے ضابطگیوں اور مبینہ کرپشن کی تحقیقات کرائے جانے کا مطالبہ کردیا۔

(جاری ہے)

شہید محترمہ بے نظیر میڈیکل کالج کے اساتذہ کا کراچی پریس کلب پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انجم رحمان نے اپنے بھائی بہنوں کو کالج میں ملازمت دے رکھی ہے،کرپشن کو سامنے لانے پر گینگ وار کے لوگوں کے ذریعے اساتذہ کو ہراساں کیا جارہا ہے،انکا کہنا تھا کہ 3 اکتوبر کو عوامی شکایات پر ڈاکٹر انجم رحمان کو معطل کردیا گیا تھا اور محکمہ صحت نے تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دی تھی، بارہ دن بعد ڈاکٹر انجم رحمان عدالت سے اسٹے آڈر لے کر دوبارہ پرنسپل کی سیٹ پر براجمان ہوگئیں ہیں،انکا کہنا تھا کہ ڈاکٹر انجم جب تک عہدے پر موجود ہیں شہید بے نظیر میڈیکل کالج میں گائنی ڈیپارٹمنٹ میں اپنی ڈیوٹی سر انجام نہیں دینگے،ڈاکٹر روزینہ یاسر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر انجم نے دوباریہ عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے گھر کے چھ افراد کو مختلف عہدوں پر تعینات کیا ہے،ہماری پریس کانفرنس کا مقصد ڈاکٹر انجم کی بے ضابطگیوں کے خلاف آواز اٹھانا ہے،جب تک محکمہ صحت ڈاکٹر انجم کو برطرف نہیں کرے گا ہم کام پر نہیں جائینگے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں