رینجرز کی لیاری کے علاقے میں کارروائی، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم گرفتار

پیر 12 نومبر 2018 23:02

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) پاکستان رینجرز (سندھ) نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر لیاری کے علاقے جھٹ پٹ مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم مسلم کو گرفتار کر لیا۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم مسلم لیاری گینگ وار (زاہد لاڈلہ گروپ) کے کارندے کی حیثیت سے علاقے میں بھتہ خوری کے واقعات میں بھی ملوث رہا ہے۔

(جاری ہے)

ملزم کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں آئی جس میں ملزم مسلم کو 6 نومبر2018 ء کو لی مارکیٹ کے علاقے کوثر پٹرول پمپ پرڈکیتی کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے اور مزید قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں، آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں