کراچی ، مختلف واقعات میں فائرنگ اور تشدد کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہو گئے، پولیس نے کئی علاقوں سے مختلف الزامات کے تحت 11ملزمان کو گرفتار کرلیا

منگل 13 نومبر 2018 23:48

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے مختلف واقعات میں فائرنگ اور تشدد کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہو گئے، جبکہ پولیس نے کئی علاقوں سے مختلف الزامات کے تحت 11ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔کراچی میں سہراب گوٹھ کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے 12 سالہ بچہ زخمی ہوگیا، بلدیہ ٹاون، ماڈل کالونی، بوٹ بیسن کے علاقے میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پولیس اہلکار سمیت4 افراد زخمی ہوگئے۔

الآصف اسکوائر کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے 12 سالہ بچہ زخمی ہو گیا، جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق 12سالہ یاسین اپنے کزن کے ساتھ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا جو فائرنگ کی زد میں آگیا۔گارڈن کے علاقے میں جوئے کے اڈے پر پولیس نے کارروائی کرکے چھاپہ مار کر 6جواریوں کو گرفتار کر لیا، جبکہ جوئے پر لگی رقم اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گلستان جوہر بلاک11میں بھی جوئے کے اڈے پر چھاپہ مار کر 6جواریوں کو پولیس نے گرفتار کیا ہے اور جوئے کی رقم اور جوئے کے لیے استعمال ہونے والا سامان بھی برآمد کرلیا۔لانڈھی 89 میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا ہے، پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران متعدد گھروں کی تلاشی لی گئی۔آپریشن کے دوران مشتبہ افراد کے شناختی کوائف کی جانچ پڑتال کی گئی، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی،سرچ آپریشن مطلوب ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا تھا۔

راشد منہاس روڈ پر دوران چیکنگ پولیس نے تین ڈاکو بہروز، اسماعیل اور جلیل کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکو کشمیر روڈاور بلوچ کالونی میں ڈکیتیوں کی وارداتوں میں مطلوب ہیں۔کلفٹن کے علاقے بوٹ بیسن میں اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے والے شہری کو کارسوار 4ڈاکووں نے لوٹ لیا، متاثرہ شہری کے مطابق ڈاکو اس سے 50ہزار روپے چھین کرفرار ہوگئے جبکہ مزاحمت کرنے پر اسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا ۔بلدیہ ٹائون کے سیکٹر 14 میں ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے سعید اور نسیم زخمی ہوگئے، جبکہ ماڈک کالونی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کے نتیجے میں ایس بی سی اے میں تعینات پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں