تعلیم کے فروغ کے لئے صوبائی حکومت پرائیوٹ اسکولوں کی بھی حوصلہ افزائی کرے گی،ناصر شاہ

سکول کا پرنسپل طلبہ،اساتذہ،اسٹاف،والدین اور سو سائیٹی کے درمیان سہولت کار ہوتا ہے،ڈاکٹر زبیر شیخ

جمعرات 15 نومبر 2018 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) صوبائی وزیر برائے ورکس اینڈ سروسز سیدّ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی حکومت تعلیم کے شعبہ کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے اور اس ضمن میں سرکاری اسکولوں کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم اور باصلاحیت اساتذہ رکھنے والے پرائیوٹ اسکولوں کی بھی حوصلہ افزائی کرنے کو تیار ہے نیز انکو ایجوکیشن سٹی میں زمین بھی فراہم کی جاسکتی ہے۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی میں پنجاب گروپ آف کالجز کے زیر اہتمام چلنے والے سندھ اور بلوچستان ریجن کے الائیڈ اور ای ایف اے گروپ کے اسکولز کی جانب سے منعقد ہونے والی ایک روزہ تعلیمی کانفرنس": میں پرنسپل ہوں " کے افتتاحی سیشن میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ، الائیڈ گروپ آف اسکولز کے ڈائیریکٹر ڈاکٹر شاہد محمد، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس آف پاکستان کی امینہ سیدّ، دادا بھائی انسٹیٹیوٹ آف ھائیر ایجوکیشن کے ڈین سوشل سائینسز ڈاکٹر عبدالعزیز،سٹی اسکول کی پرنسپل میڈم انیلہ اور الائیڈ و ای ایف اے گروپ آف اسکولز کے سندھ و بلوچستان کے پرنسپل صا حبان بھی موجود تھے۔

سیدّ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کے لئے بڑی اہمیت رکھتی ہے اور انھیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی اور الائیڈ و ای ایف اے گروپ کے اسکولوں میں اعلیٰ معیار کی تعلیم کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے کہا کہ کسی بھی اسکول کا پرنسپل دراصل اپنے طلبہ،اساتذہ،اسٹاف ،والدین اور سو سائیٹی کے درمیان ایک سہو لت کار ہوتا ہے جس کا کام تمام اسٹیک ہولڈر ز سے مسلسل رابطہ قائم رکھنا اور انکے مسائل کو حل کرنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرہ میں مسجد،اسکول،پارکس،کھیل کے میدان اور لائیبریری کو موجوگی بڑی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں اور جن معاشروں میں یہ دستیاب نہ ہوں تو نوجوان طبقہ بے راہ روی کا شکار ہوجاتا ہے۔انہوں نے پرنسپل صاحبان سے کہا کہ کسی بھی طالب علم کی بہتر نشونما کی ذمہ داری استاد پر عائید ہوتی ہے اور اسے اپنے طلبہ کو رٹاّ لگانے کی عادت،ٹیوشن کا عادی بنانے اور بھاری بھرکم کتابوں کا بوجھ اٹھانے سے بچانا چاہیے اور کسی طالب علم کو کند ذہن قرار دے کر اس کی حوصلہ شکنی نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کا طالب علم آپکا نمائیند ہوتا ہے کیونکہ جب وہ تعلیم مکمل کرکے باہر جاتا ہے تو اس کے اچھے کاموں کی بنا پر اس کی درسگاہ کو بھی اچھے نام سے یاد رکھا جاتا ہے۔آکسفورڈ پریس آف پاکستان کی امینہ سیدّ نے پرنسپل صاحبان سے کہا کہ ٹیکنالوجی کے انقلاب کی بنا پر دنیا بہت تیزی سے تبدیل ہورہی ہے اس لئے ہمیں اپنے تعلیمی نظام کو بھی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور ڈیجیٹلائیزیشن اس ضمن میں ہمارے لئے بڑی مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی اسکول کی مینجمنٹ، ایڈمنسٹریشن،اساتذہ کی تربیت اور طلبہ کو اعلیٰ معیار ی تعلیم کی فراہمی ایک پرنسپل کی بنیادی ذمہ داری ہوتی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں