صوبے بھر میں ہفتہ وار کارروائی میں 3356 مفرور اور اشتہاری ملزمان گرفتار

جمعرات 15 نومبر 2018 23:24

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) سندھ پولیس نے صوبے بھر میں ہفتہ وار مہم کے دوران 5سے 11نومبر 2018ء مختلف کارروائیوں میں 2ہزار 170مفرور اور 1ہزار 186اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا۔آئی جی آفس سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق سکھر رینج اور خیرپور میں 982،شہید بینظیر آباد سے 706،لاڑکانہ سے 668،حیدرآباد سے 533، کراچی سے 430جبکہ میر پور خاص سے 37مفرور و اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے صوبائی سطح پر مذکورہ مہم کے دوران عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سکھر رینج کے ڈی آئی جی اقبال دارا کو آفیسر آف دی ویک کا خطاب دیا اورایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔جبکہ اضلاع کی سطح پر ایس ایس پی ضلع خیرپور عمرطفیل کو آفیسرآف دی ویک کا خطاب دیااور ایک لاکھ روپے انعام کے اعلان کے ساتھ ساتھ مذکورہ دونوں افسران کو شاباش بھی دی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں عمدہ کارکردگی پر مذکورہ دونوں افسران کے ناموں کا اندراج سینٹرل پولیس آفس میں نصب بورڈ پر بھی کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں جرائم کیخلاف جاری جنگ کو عوام کے تعاون اور حوصلہ افزائی سے منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور ایسے اقدامات اٹھائے جائیں کہ جن سے عوام کا پولیس پر اعتماد مزید تقویت پائے اور وہ پولیس کیساتھ دوستانہ ماحول اور تعاون کو اپنے لیئے اعزاز سمجھیں۔

انہوں نے مذید کہا کہ قانون پسند شہریوں کا احترام ہرحال میں ملحوظ خاطررکھا جائے اور مجموعی اقدامات کے دوران چادراور چار دیواری کے تقدس کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے ۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ منشیات کیخلاف جاری مہم میں بھی ہر سطح پر ناصرف تیزی لائی جائے بلکہ اس مہم کو متعلقہ سپروائزری افسران اپنی نگرانی میں کامیاب اور غیرمعمولی بھی بنائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں