سندھ اسمبلی اجلاس، بائیو میٹرک سسٹم محکمہ کی کارگردگی کو بہتر بنانے کے لئے متعارف کرایا ہے، وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ

جن علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی ضرورت ہے ترجیحی بنیادوں پر لگائے جائیں گے، صوبائی وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار

جمعرات 15 نومبر 2018 23:57

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) سندھ کے وزیر تعلیم ، سیاحت و ثقافت سید سردار شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے محکمہ تعلیم میں بائیو میٹرک سسٹم محکمہ کی کارگردگی کو بہتر بنانے کے لئے متعارف کرایا ہے، شروع میں اس نئے نظام کے حوالے سے مشکلات تھیں جو اب دور ہوتی جا رہی ہیں، بائیو میٹرک سسٹم کو تمام اضلاع تک لے جایا جا رہا ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران جی ڈی اے کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی کے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں کہی۔ خاتون رکن کا کہنا تھا کہ بائیو میٹرک اچھا نظام ہے لیکن اس کے لیے دور دراز سے ٹیچرز کو کراچی بلایا جاتا ہے، بسا اوقات ملازمین کی تنخواہیں روک لی جاتی ہیں، بایو میٹرک کو دوسرے اضلاع میں رکھا جائے، ٹیچرز کی مشکلات کو کم از کم کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ ملازمین محکمہ تعلیم کے پاس ہیں۔ ٹرانسفر پوسٹنگ کے لئے اساتذہ کو کراچی آنا پڑتا تھا، اعتراف کرتا ہوں کہ سندھ سیکریٹریٹ میں بائیو میٹرک میں دھندا ہوتا تھا ،اب ہم نے اساتذہ کی ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی لگا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اساتذہ کی آئی ڈی کھول دی ہیں، صرف جعلی بھرتی اور مفرور اساتذہ کی آئی ڈی نہیں کھولی، دو چار ماہ میں بائیو میٹرک سسٹم کو شفاف بنا کر ضلعی سطع تک لے جائیں گے۔

ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی عدیل شہزاد نے اپنے توجہ دلا نوٹس کے ذریعے ایوان کی توجہ اورنگی ٹاؤن میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی جانب مبذول کرائی اور مطالبہ کیا کہ اورنگی ٹاؤن میں سیکورٹی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں اور علاقے میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار نے یقین دلایا کہ جن علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی ضرورت ہے ترجیحی بنیادوں پر لگائے جائیں گے، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کرائم پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

ایم کیو ایم کی خاتون رکن اسمبلی رابعہ خاتون نے اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا کہ کراچی میں منرل واٹر کی کافی کمپنیاں ہیں جو بغیر ٹریٹمنٹ کے شہر بھر میں پانی فراہم کر رہی ہیں، ایسی کمپنیز کے خلاف کیا کارروائی کی جا رہی ہے۔ وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا کہ یہ معاملہ محکمہ فوڈ سے تعلق رکھتا ہے جو ایسی شکایات پر کارروائی کر رہاہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں