پرامن اور خوشحال پاکستان نوابزادہ لیاقت علی خان کی منزل تھی، چانسلر جاوید انوار

جمعہ 16 نومبر 2018 16:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلرجاوید انوار نے نوابزادہ لیاقت علی خان کی خدمات کے اعتراف میں علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے بلاک ’H‘ کو ان کے نام سے موسوم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس بلاک کا نام آج سے ’’ایوانِ شہیدِ ملت خان لیاقت علی خان--‘‘ ہوگا۔

وہ ’ایوانِ شہیدِ ملت خان لیاقت علی خان‘ کی تقریبِ نقاب کشائی سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کے شرکاء میں علیگ کی ایک کثیر تعداد کے علاوہ ڈاکٹر محمود پٹھان، مختار احمد نقوی،اعجاز الیقین، تسنیم احمد، ممتاز کاظمی، اخلاق راجپوت، محمد فاروق و دیگر شامل تھے۔ انھوں نے کہا کہ لیاقت علی خان کا شمار بانیانِ پاکستان میںہوتا ہے اور پاکستان کے پہلے وزیرِ اعظم کی حیثیت سے فرائض منصبی ادا کرتے ہوئے انھوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

(جاری ہے)

شہید کا درجہ سب سے اعلیٰ و افضل ہوتا ہے اور یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ شہیدوں کا لہو ضرور رنگ لاتا ہے اور اس کی ہر بوند میں ایک نئی صبح ہوتی ہے۔شہیدِ ملت لیاقت علی خان کا لہو بھی رائیگاں نہیں جائے گا۔انہوں نے جس نیک مقصد کے لیے جان قربان کی، وہ مقصد ہم ضرور حاصل کریں گے اور ایک پرامن اور خوشحال پاکستان لیاقت علی خان کی منزل تھی۔چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ نوابزادہ لیاقت علی خان نے شہادت سے کچھ عرصہ قبل1951ء میں پاک چین دوستی کی بنیاد رکھی تھی کیونکہ ان کی دورس نگاہوں اور سیاسی بصیرت نے اس بات کا ادراک کر لیا تھا کہ چین ایک بڑی طاقت بننے جارہا ہے۔

ان کے خواب کی تعبیر آج سی پیک کی شکل میںہمارے سامنے موجود ہے۔اختتام تقریب پر حافظ ارسلان سعیدنے ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں