موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پابندی اور دفعہ 144 کا نفاذ جشن میلادالنبیؐ کے خلاف سازش

حکومت حیلے بہانوں سے عوام کو خوفزدہ کرکے ہماری ریلیوں اور جلسوں میں شرکت سے روک رہی ہے ،پاکستان سنی تحریک

پیر 19 نومبر 2018 23:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2018ء) پاکستان سنی تحریک نے موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پابندی اور دفعہ 144کے نفاذ کو جشن میلادالنبیؐ کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت حیلے بہانوں سے عوام کو خوفزدہ کرکے ہماری ریلیوں اور جلسوں میں شرکت سے روک رہی ہے۔ پرانی نمائش چورنگی پر قائم سنی تحریک کے میلادی کیمپ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ جشن میلادالنبیؐ کے انتظامات کے سلسلے میں گورنر سندھ‘ وزیراعلیٰ سندھ‘ کمشنر کراچی اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ علیحدہ علیحدہ اجلاسوں میں طے پایا تھا کہ ڈبل سواری پر پابندی نہیں لگائی جائے گی اور میلاد النبیؐ کے جلوسوں اور ریلیوں کو لاؤڈ اسپیکر ایکٹ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا لیکن اب محسوس یہ ہورہا ہے کہ حکومت اسلام دشمنوں کے اشاروں پر ناچ رہی ہے۔

(جاری ہے)

مسلمانوں کی سب سے بڑی عید سے محض دو روز قبل موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اور دفعہ 144کا نفاذ قابل مذمت ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اپنے وعدوں کا پاس رکھتے ہوئے فوری طور پر یہ نوٹیفکیشن واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے طلب کردہ اجلاسوں میں تمام مکاتب فکر کے علما اور تنظیمات نے 11ربیع الاول کو صوبائی سطح پر عام تعطیل کا مطالبہ کیا جسے سندھ حکومت نے تسلیم کرتے ہوئے 11ربیع الاول کو سندھ بھر میں عام تعطیل کی یقین دہانی کرائی تھی مگر سندھ حکومت اس پر بھی پوری اترتی نظر نہیں آرہی۔

ان اجلاسوں میں ربیع الاول میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا بھی فیصلہ ہوا تھا مگر مختلف علاقوں میں اب بھی گھنٹوں طویل لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس کے سبب عاشقان رسول کی جانب سے کروڑوں روپے خرچ کرکے کئے گئے چراغاں کی چکاچوند ماند پڑ رہی ہے۔ انہوں نے کے الیکٹرک اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ 11 اور 12ربیع الاول کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔

انجینئر ثروت اعجاز قادری نے قائد آباد دہشتگردی میں شہادتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شہداء اور زخمیوں کے لئے معاوضے کا اعلان کیا جائے اورمیلاد ریلیوں‘ جلوسوں اور اجتماعات کی سیکیورٹی کے دعووں کے بجائے عملی طور پر بھرپور انتظامات کئے جائیں تاکہ عاشقان رسولؐ اپنے پیارے آقا ؐ کی آمد کا جشن بے خوف و خطر اور جوش و خروش سے منا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ سنی تحریک کی سالانہ ریلی ہرسال کی طرح آج (منگل 11ربیع الاول کو) لیاقت آباد ڈاکخانہ سے نکالی جائے گی جودرود و سلام کا ورد کرتے ‘ مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی چھٹن شاہ مزار کھارادر پر اختتام پزیر ہو گی۔ علما و مشائخ کی زیرقیادت اس ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں عوام شرکت کرتی ہے لہٰذا اس ریلی کی فول پروف سیکیورٹی کا بندوبست کیا جائے،12ربیع الاول کو مرکزی جشن عید میلاد النبی ﷺ مرکزی جلوس مرکز اہلسنت سے برآمد ہوگا اور نمائش چورنگی پر اختتام پزیر ہوگا ،ثروت اعجاز قادری نے پاکستان سنی موئومنٹ کے چیئرمین شاہ سراج الحق قادری پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے کٹہرے میں پیش کیا جائے اس موقع پر مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان محمد مبین قادری ،فہیم الدین شیخ ،محمد شہزاد قادری ،محمد طیب قادری ،محمد آفتاب قادری ،آصف رضا قادری ودیگر بھی موجود تھے ۔

#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں