پیپلزپارٹی صحافت کی آزادی پر یقین رکھتی ہے،ہمیشہ صحافیوں کی ساتھ کھڑی رہی ہے سید ناصر حسین شاہ

بلاول بھٹوزرداری اور وزیر اعلی سندھ سید نے کراچی پریس کلب کے تقدس کی پامالی کا فوری نوٹس لیا ہے،واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں،گرفتار سینئر رکن نصراللہ خان کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہونے دیں گے پریس کلب کے ذمہ داران سے گزارش ہے کہ وہ فی الحال احتجاج کو مؤخر کردیں،صوبائی وزیر

پیر 19 نومبر 2018 23:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئررہنماء اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی صحافت کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور ہمیشہ صحافیوں کی ساتھ کھڑی رہی ہے یہی وجہ ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی پریس کلب کے تقدس کی پامالی کا فوری نوٹس لیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔

انہوں نے مزیدکہا کہ کراچی پریس کلب کے گرفتار سینئر رکن نصراللہ خان کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔ پریس کلب کے ذمہ داران سے گزارش ہے کہ وہ فی الحال احتجاج کو مؤخر کردیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور اس کی حکومت صحافیوں کے ساتھ آزادی اظہارِرائے اور آزادی صحافت کی جدوجہد میں ہمیشہ شامل رہے گی۔

(جاری ہے)

صدر کراچی پریس کلب نے کہا کہ پریس کلب پر دھاوے کے خلاف جس طرح صحافی براداری نے زبردست اتحاد کا مظاہرہ کیا وہ نہ صرف فقید المثال ہے بلکہ ان قوتوں کے لیے پیغام بھی ہے جنہوں نے پریس کلب کا تقدس پامال کیا۔

وہ قوتیں آئندہ پریس کلب جیسے مقدس ادارے کے تقدس کو پامال کرنے کا دوبارہ کبھی بھی نہیں سوچیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور بطور خاص وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی طرف سے جو رویہ اختیار کیا گیا وہ انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے مگرپیپلزپارٹی اور اس کی صوبائی حکومت نے صحافیوں کا ساتھ دے کر ثابت کردیا ہے کہ وہ آزادی صحافت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم صوبائی حکومت کی یقین دہانی پر فی الحال احتجاج کو موخر کررہے ہیں تاہم آزادی صحافت کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ سیکریٹری مقصود یوسفی نے کہا کہ منگل کے روز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس میں آزادی صحافت پر لگائے جانے والی قدغنوں کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے معاشی قتل عام پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

احتجاجی کیمپ سے پی ایف یو جے دستور کے سیکریٹری جنرل سہیل افضل خان، سیکریٹری جنرل پی ایف یو جے برنا جی ایم جمالی، صدر کے یو جے دستور طارق ابولحسن، صدر کے یو جے برنا فہیم صدیقی، سابق سیکریٹری اے ایچ خانزادہ، صابق صدر امتیاز خان فاران، پی ایف یو جے دستور کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل شعیب احمد اور دیگر صحافی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں