ریسٹورنٹ کی انسپکشن کے لئے 40 فوڈ سیفٹی آفیسرز بھرتی کئے جائیں گے ، چیف سیکریٹری سندھ

منگل 20 نومبر 2018 22:36

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہاہے کہ شہر میں ریسٹورنٹ کی انسپکشن کے لئے 40 فوڈ سیفٹی آفیسرز بھرتی کئے جائیں گے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے منگل کو سندھ فوڈ اتھارٹی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کو مزید موثر بنایا جائے گا اور موبائل لیباریٹری سمیت سندھ فوڈ اتھارٹی کی تمام ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔

ممتاز علی شاہ نے کہا کہ میڈیا کے زریعہ عوام میں ڈیٹ ایکسپائر (زائدالمیعاد) اشیاء کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی جائے جس میں اشیاء پر موجود پیکنگ ٹیگنگ کے لئے بھی آگاہی فراہم کی جائے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ وہ کراچی یونیورسٹی کی لیبارٹری کو مزید بہتر بنا رہے ہیں اور آئندہ اشیاء کے نمونے چیکنگ کے لئے دیگر صوبوں کو بھیجنے کے بجائے اب کراچی یونیورسٹی کی لیبارٹری میں بھیجے جائیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹر آپریشنز سندھ فوڈ اتھارٹی نے بریفنگ میں بتایا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی نے کوالٹی کو بہتر کرنے کے لئے 5806 نوٹس جاری کئے ہیں، یہ نوٹس پرائیویٹ اسکول میں واقع کینٹین، ریسٹورنٹ، آئیس فیکٹریز کو جاری کئے گئے ہیں۔ مختلف ریسٹورنٹ پر 16 لاکھ کا جرمانہ لگایا ہے جبکہ 17 منرل واٹر کمپنیز کو سیل کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری صحت ڈاکٹر عثمان چاچڑ، سیکریٹری داخلہ کیپٹن (ر) عبدالکبیر قاضی، سیکریٹری خوراک، ڈائریکٹر فوڈ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں