تاریخی امپریس مارکیٹ کی بحالی کے حوالے سے قدیمی ورثے کے ماہرین کو شامل کریں، وزیر اعلیٰ سندھ کی میئر کراچی کو ہدایت

منگل 20 نومبر 2018 23:35

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے میئر کراچی وسیم اختر پر زور دیا ہے کہ وہ تاریخی امپریس مارکیٹ کی بحالی کے حوالے سے قدیمی ورثے کے ماہرین کو بھی شامل کریں تاکہ اس کی اصل خوبصورتی کو برقرار رکھا جاسکے۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے یہ بات ان سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ امپریس مارکیٹ کے اطراف سے تجاوزات کے خاتمے کے بعد امپریس مارکیٹ اپنی اصل صورت میں نظر آرہی ہے،اب اس کی بحالی کا کام نہایت اہم ا ور حساس ٹاسک ہے جوکہ قدیمی ورثے کے ماہرین کی مشاورت اور رہنمائی کے ذریعے ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کی مناسب رہنمائی کے بغیر انگریز دور کی یہ مارکیٹ اصل حالت میں بحال نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی بحالی کے بعد تجاوزات کا خاتمہ ایک دوسرا بڑا چیلنج تھا جوکہ خوش اسلوبی کے ساتھ پورا کیا جا رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ علاقے جہاں سے تجاوزات کا خاتمہ کیاگیا ہے وہ لازمی طور پر صاف ستھرے ہونے چاہیے اور کہا کہ ان کے پاس ایک منصوبہ ہے کہ ورلڈ بینک اسپانسرڈ پروجیکٹ کے ذریعے تمام پرانی عمارتوں کو بحال کیا جائے اور صوبائی حکومت بھی اپنے وسائل کو استعمال میں لائے گی۔

انہوں نے میئر کراچی کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کراچی کا ہم سب کے ساتھ تعلق ہے اور ہمیں اسے صاف ستھرا بنا کے اسے دنیا کے رہائش کے اعتبار سے بہترین شہروں میں سے ایک بنانا ہے، تمام ہیریٹیج عمارتیں جوکہ شہر کے پرانے علاقے میں واقع ہیں ان کو ان کی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اولڈ سٹی سے پاکستان چوک تا صدر بحالی کے کام کو تیز کیا جائے گا اور اسی طرز پر شہر کے دیگر علاقوں میں بحالی کا کام کیا جائے گا۔ میئر کراچی نے کہا کہ وہ مارکیٹ کے بحالی کے کام میں نامور ماہرین کو شامل کر رہے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں