کراچی، فیکٹری میں جنریٹر کا دھواں بھرنے سے 3 مزدور جاں بحق

رات کو بارش کے بعد بجلی کی طویل بندش ہوئی تو یہ افراد جنریٹرچلانے کے بعد فیکٹری میں ہی سوگئے تھے، پولیس

پیر 10 دسمبر 2018 14:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی کی ایک فیکٹری میں جنریٹر کا دھواں بھرنے سے 3 مزدور جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق تینوں افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ڈی ایس پی شاہ فیصل کالونی رحیم شاہ کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت ارسلان، رضا اور رضوان کے ناموں سے ہوئی ہے ۔

پولیس کے مطابق یہ افراد شاہ فیصل کالونی نمبر2میں کپڑے پر کمپیوٹرائزڈ نقش و نگار بنانے کی ایک فیکٹری میں کام کرتے تھے۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی کی ایک فیکٹری میں ملازمین رات کو شہر میں بارش کے بعد گھر جانے کے بجائے فیکٹری میں ہی سوگئے تھے اور بجلی نہ ہونے کے سبب انہوں نے جنریٹر چلادیا تھا تاہم رات بھر جنریٹر چلنے کے باعث فیکٹری میں دھواں بھرگیا۔

(جاری ہے)

صبح ہونے پر فیکٹری کے دیگر ملازم پہنچے تو تینوں افراد کو بے ہوشی کی حالت میں پایا۔اس ضمن میںچھیپا ویلفیئر کے رضاکار عمران نے بتایا کہ تینوں کو جس وقت ایمبولینسز میں منتقل کیا گیا تو ان میں زندگی کے آثار نہیں تھے۔جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق تینوں مزدوروں کو ساڑھے 10بجے جناح اسپتال منتقل کیا گیا تو ان کی موت واقع ہو چکی تھی۔کارخانے میں کڑھائی کا کام کیا جاتا ہے۔ پولیس نے مزید تفتیش کے لیے کارخانے کے مالک کو طلب کرلیا جبکہ فی الحال کارخانے کو بند کردیا گیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں