ضلع غربی ، ضلع کورنگی اور دیگر اضلاع میں فٹ پاتھ پربنائی گئیں35سے زائد دکانیں اور دیگر تعمیرات مسمار کردی گئیں

منگل 11 دسمبر 2018 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے سپریم کورٹ کی ہدایات پر شہر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے منگل کے روز ضلع غربی ، ضلع کورنگی اور دیگر اضلاع میں فٹ پاتھ پربنائی گئیں35سے زائد دکانیں اور دیگر تعمیرات مسمار کردیں، مختلف علاقوں میں کی گئی تجاوزات کے خلاف اس کارروائی میں بھاری مشینری استعمال ہوئی جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے جو شہر بھر میں انسداد تجاوزات کی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں کہا کہ فٹ پاتھ پیدل چلنے والوں کا حق ہے لہٰذا کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ اپنی دکان فٹ پاتھ تک لے آئے یا اپنا سامان راستے میں رکھ دے، اس سے نہ صرف شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ شہر کی خوبصورتی بھی متاثر ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ انسداد تجاوزات کی مہم کا مقصد شہر کو صاف ستھرا بنانا ہے لہٰذا اس حوالے سے کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جاسکتی، انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی میں تاجر برادری کا تعاون حاصل رہا ہے اور دکانداروں نے اکثر مقامات پر خود اپنی دکانوں کے آگے بڑھائے گئے حصوں کو ختم کردیا ہے جبکہ فٹ پاتھوں اور دکانوں کے سامنے سے اپنا سامان بھی ہٹا لیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ تاجر برادری خود بھی تجاوزات کے خلاف ہے اور اس سلسلے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے سپریم کورٹ کی ہدایات پر شروع کی گئی کارروائی کی حمایت کرتی ہے ، انہوں نے کہا کہ تجاوزات ہٹانے سے شہر کی فٹ پاتھیں ،سڑکیں اور گلیاں کشادہ ہوگئی ہیں اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت حاصل ہوئی ہے تمام شہریوں اور تاجر برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہر کو تجاوزات سے پاک رکھیں اور اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں، ہم سب مل کر اپنے شہر کو بہتر اور خوبصورت بناسکتے ہیں، دریں اثناء بلدیہ عظمیٰ کراچی سینئر ڈائریکٹر لینڈ اینڈ اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی نے ٹیم کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں پاک کالونی کے علاقے میں فٹ پاتھ پر بنائی گئیں غیر قانونی35دکانیں ہیوی مشینری کے ذریعے مسمار کردیں جبکہ ڈسٹرکٹ کورنگی میں ملیر سعود آباد کے علاقے میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران فٹ پاتھ پر بنی دیواریں اور دیگر تعمیرات منہدم کردی گئیں، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اور علاقہ پولیس بھی موجود تھی جبکہ انسداد تجاوزات کی کارروائی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر معین غوری،ڈائریکٹر مسرت علی خان، ڈپٹی ڈائریکٹر خالد اور دیگر عملے نے حصہ لیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں